پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جگرؔ بسوانی کی غزلیں — Jigar Biswani Ghazals

جگرؔ بسوانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جی بھر کے کبھی یار کا جلوہ نہیں دیکھا (غزل)

جی بھر کے کبھی یار کا جلوہ نہیں دیکھا

دیکھا بھی تو اس طرح کہ گویا نہیں دیکھا

مرنے کا نہیں غم مگر اس بات کا غم ہے

اس نے مرے مرنے کا تماشا نہیں دیکھا

جھرمٹ میں رہے غمزۂ تمکین و حیا کے

خلوت میں بھی ان کو کبھی تنہا نہیں دیکھا

کس زور پہ کس جوش پہ ہے ان کی جوانی

تھمتے کبھی سینے پہ دوپٹہ نہیں دیکھا

آنکھوں میں پھرے اور وہ آنکھوں سے چھپے بھی

آنکھوں نے اس انداز کا پردہ نہیں دیکھا

خلوت میں جگرؔ یاد کیا کرتے ہو کس کو

ملتے تمہیں لوگوں سے زیادہ نہیں دیکھا

منظور نظر ہے دل غم خوار تمہارا (غزل)

منظور نظر ہے دل غم خوار تمہارا

جو یار ہمارا ہے وہی یار تمہارا

دم حسرت دیدار نے آنکھوں سے نکالا

اب تم کو مبارک رہے دیدار تمہارا

تربت میں جگرؔ زیر کفن ہاتھ ہے دل پر

اچھا نہ ہوا مر کے بھی آزار تمہارا

مزید غزلیں از جگرؔ بسوانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں