پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاذب قریشی کی غزلیں — Jazib Quraishi Ghazals

جاذب قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صحرا میں کوئی سایۂ دیوار تو دیکھو (غزل)

صحرا میں کوئی سایۂ دیوار تو دیکھو

اے ہم سفرو دھوپ کے اس پار تو دیکھو

جلتا ہوں اندھیروں میں کہ چمکے کوئی چہرہ

موسم ہیں عداوت کے مگر پیار تو دیکھو

دفتر کی تھکن اوڑھ کے تم جس سے ملے ہو

اس شخص کے تازہ لب و رخسار تو دیکھو

کیوں مانگ رہے ہو کسی بارش کی دعائیں

تم اپنے شکستہ در و دیوار تو دیکھو

کل شام وہ تنہا تھا سمندر کے کنارے

کیا سوچ رہے ہو کوئی اخبار تو دیکھو

آنکھیں ہیں کہ زخمی ہیں بدن ہیں کہ شکستہ

آشوب سفر ہوں مری رفتار تو دیکھو

دل کے زخم جلتے ہیں دل کے زخم جلنے دو (غزل)

دل کے زخم جلتے ہیں دل کے زخم جلنے دو

ہم کو ٹھوکریں کھا کر آپ ہی سنبھلنے دو

روشنی فصیلوں کو توڑ کر بھی آئے گی

رات کی سیاہی کو کروٹیں بدلنے دو

سائباں کی خواہش میں اک سفر ہوں صحرا کا

جسم و جاں پگھلتے ہیں جسم و جاں پگھلنے دو

پتھروں کی چوٹوں سے آئنو نہ گھبراؤ

حادثوں کے آنگن میں زندگی کو پلنے دو

غم کی دھوپ میں جل کر رہ گئی ہر اک چھاؤں

ہم کو اپنی چاہت کے سائے سائے چلنے دو