پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جیم جاذل کی غزلیں — Jeem Jazil Ghazals

جیم جاذل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ سے اونچا ترا قد ہے، حد ہے (غزل)

مجھ سے اونچا ترا قد ہے، حد ہے

پھر بھی سینے میں حسد ہے؟ حد ہے

میرے تو لفظ بھی کوڑی کے نہیں

تیرا نقطہ بھی سند ہے، حد ہے

تیری ہر بات ہے سر آنکھوں پر

میری ہر بات ہی رد ہے، حد ہے

عشق میری ہی تمنا تو نہیں

تیری نیت بھی تو بد ہے، حد ہے

زندگی کو ہے ضرورت میری

اور ضرورت بھی اشد ہے، حد ہے

بے تحاشہ ہیں ستارے لیکن

چاند بس ایک عدد ہے، حد ہے

اشک آنکھوں سے یہ کہہ کر نکلا

یہ ترے ضبط کی حد ہے؟ حد ہے

روک سکتے ہو تو روکو جاذلؔ

یہ جو سانسوں کی رسد ہے، حد ہے

رکھی تھی تصویر تمہاری آنکھوں میں (غزل)

رکھی تھی تصویر تمہاری آنکھوں میں

ہم نے ساری رات گزاری آنکھوں میں

بندیا، چوڑی، گجرا، کنگن ایک طرف

سب پر بھاری کاجل دھاری آنکھوں میں

ممتا کے پہلو میں پہلی پہلی نیند

پہلا پہلا خواب کنواری آنکھوں میں

رات ہوئی تو سارے بدن میں پھیل گئی

دن بھر جتنی آگ اتاری آنکھوں میں

ساری ساری رات تماشہ چلتا ہے

آتا ہے جب خواب مداری آنکھوں میں

جیتے جی دھندلا جائے نا ممکن ہے

جینے کی امید ہماری آنکھوں میں

جاذلؔ ہر منظر سے حیرت چن چن کر

ڈال رہا ہوں باری باری آنکھوں میں

کوئی ڈر تھا نہ فکر تھی کوئی (نظم)

کوئی ڈر تھا نہ فکر تھی کوئی

ماں کی انگلی تھی میرے ہاتھوں میں

زندگی کے سفر کا پہلا قدم

آدھے پاؤں سے جب اٹھایا تھا

کتنا خوش تھا میں کھلکھلایا تھا

اور اک عمر ہو گئی اب تو

ماں کی انگلی نہیں ہے ہاتھوں میں

ہاں مگر راستہ گرفت میں ہے

پورے پاؤں سے چل رہا ہوں میں

پھر بھی گرنے سے ڈر رہا ہوں میں

مزید غزلیں از جیم جاذل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں