جینت پرمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس نے مذاق سمجھا مرا دل دکھا گیا (غزل)
اس نے مذاق سمجھا مرا دل دکھا گیا
پھر موم بتیوں کو ہمیشہ بجھا گیا
نکلا تھا خود کو ڈھونڈنے اس ریگزار میں
مایوس ہو کے راستہ واپس چلا گیا
اک اک گلی میں ڈھونڈ رہی تھی ہوا مجھے
لہروں کے ساتھ ساتھ مرا نقش پا گیا
بستر پہ لیٹے لیٹے مری آنکھ لگ گئی
یہ کون میرے کمرے کی بتی بجھا گیا
لفظوں کی تصویر بناتی دل میں قید ہوئی (غزل)
لفظوں کی تصویر بناتی دل میں قید ہوئی
ایک سمے وہ اچھی لڑکی دل میں قید ہوئی
کورے کاغذ پر کھینچی تھی میں نے اک تصویر
جنگل جنگل اڑتی تتلی دل میں قید ہوئی
اس کے بعد وہی تصویریں سب کو دکھاتا ہوں
خوابوں کی وہ دنیا ساری دل میں قید ہوئی
دل کو دکھاتی ہے پھر بھی کیوں اچھی لگتی ہے
یادوں کی یہ شام سہانی دل میں قید ہوئی
کون سا تارا اس کا گھر ہے سوچ رہا تھا میں
رات پری آنگن میں اتری دل میں قید ہوئی
آوارہ بادل تھے ہم بھی کیا کرتے آخر
ایک کرن گھر میں لے آئی دل میں قید ہوئی
خوابوں کی سرحد پہ (نظم)
خوابوں کی سرحد پہ
نیلا نیلا ایک سمندر
تیری آنکھوں جیسا
لہروں کے نیزوں پہ بہتی
جگمگ جگمگ چاند سی روشن
اپنے پیار کی کشتی
سات سمندر سے بھی دور
طوفانوں سے کھیلتی
جل پریوں سے باتیں کرتی
واپس لوٹ آئی تو
ساحل کی چمکیلی ریت میں
ایک ستارہ ٹوٹ گرا تھا