پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید صبا کی غزلیں — Javed Saba Ghazals

جاوید صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بڑی مشکل سے چھپایا ہے کوئی دیکھ نہ لے (غزل)

بڑی مشکل سے چھپایا ہے کوئی دیکھ نہ لے

آنکھ میں اشک جو آیا ہے کوئی دیکھ نہ لے

یہ جو محفل میں مرے نام سے موجود ہوں میں

میں نہیں ہوں مرا دھوکا ہے کوئی دیکھ نہ لے

سات پردوں میں چھپا کر اسے رکھا ہے مگر

دل کو اب بھی یہی دھڑکا ہے کوئی دیکھ نہ لے

ڈر رہا ہوں کہ سر شام تری آنکھوں میں

میں نے جو وقت گزارا ہے کوئی دیکھ نہ لے

ہاتھ نرمی سے چھڑاتی ہوئی خلوت نے کہا

یہ جو خلوت ہے تماشا ہے کوئی دیکھ نہ لے

تیرا میرا کوئی رشتہ تو نہیں ہے لیکن

میں نے جو خواب میں دیکھا ہے کوئی دیکھ نہ لے

ساتھ چلنا ہے تو غیروں کی طرح ساتھ نہ چل

شہر کا شہر شناسا ہے کوئی دیکھ نہ لے

اس نے آوارہ مزاجی کو نیا موڑ دیا (غزل)

اس نے آوارہ مزاجی کو نیا موڑ دیا

پا بہ زنجیر کیا اور مجھے چھوڑ دیا

اس نے آنچل سے نکالی مری گم گشتہ بیاض

اور چپکے سے محبت کا ورق موڑ دیا

جانے والے نے ہمیشہ کی جدائی دے کر

دل کو آنکھوں میں دھڑکنے کے لیے چھوڑ دیا

ہم کو معلوم تھا انجام محبت ہم نے

آخری حرف سے پہلے ہی قلم توڑ دیا

کہیں بھی چھڑک دو یہ روٹی کے بیج (نظم)

کہیں بھی چھڑک دو یہ روٹی کے بیج

غلاموں کی فصلیں اگاتے رہو

یہ وہ فصل ہے جس کو پانی ہوا بھی نہیں چاہیے

اک فقط بھوک کی تیز بارش کا چھڑکاؤ درکار ہے

عزت نفس کی کھاد کو جس قدر اپنے پیروں سے

مسلو گے کچلو گے

اتنی ہی اچھی ملے گی خبر

اور تو اور ان غلاموں کی نسلیں کتابوں کو اپنی

درانتی بنا کر

وہ کاٹیں گی جو ان کے پرکھوں نے بویا نہیں تھا

منافع کماؤ

تجوری بھرو

اور غلاموں کی فصلیں اگاتے رہو

مزید غزلیں از جاوید صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں