پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید رشید عامر کی غزلیں — Javed Rasheed Amir Ghazals

جاوید رشید عامر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم سے پوچھے کوئی چاہت کا سزا ہو جانا (غزل)

ہم سے پوچھے کوئی چاہت کا سزا ہو جانا

نرم گفتار کا پتھر کا خدا ہو جانا

جب میں عنوان محبت پہ کوئی نظم لکھوں

تم مہکتے ہوئے لفظوں کی قبا ہو جانا

نام خوابوں کی صلیبوں پہ نہ لکھیے میرا

میری فطرت ہے حقیقت پہ فدا ہو جانا

میں نے پوجا تھا تمہیں درد محبت کے سبب

تم سے یہ کس نے کہا تھا کہ خدا ہو جانا

دشت طوفاں میں اگر میرا سفینہ دیکھو

تم مری ماں کی طرح محو دعا ہو جانا

اب تکلف سے کوئی کام نہ لینا عامرؔ

جب وہ تم سے ہوں خفا تم بھی خفا ہو جانا

خلوص ایثار پارسائی حیا صداقت حجاب لکھوں (غزل)

خلوص ایثار پارسائی حیا صداقت حجاب لکھوں

میں لفظ پانی کے ڈھونڈ لاؤں تو برف کی یہ کتاب لکھوں

نہ میں ہوں گلچیں نہ باغباں ہوں میں اس گلستاں کا محتسب ہوں

ذرا میں کانٹے شمار کر لوں تو پر گلوں کا حساب لکھوں

مٹے مٹے سے حروف خط کے نہ جانے کیا کیا سنا رہے ہیں

میں آنسوؤں کی زباں سمجھ لوں تو تیرے خط کا جواب لکھوں

مہکتا پیکر حسین رنگت یہ مست آنکھیں جھکی جھکی سی

بتا تجھے میں گلاب لکھوں نشہ لکھوں یا شراب لکھوں

بتا یہ تو ہی ان آنسوؤں سے میں زندگی کے لکھوں مسائل

کہ تیرے چہرے کے خوب صورت نقوش پر اک کتاب لکھوں

جو بھیگی پلکوں سے تم نے اک دن وفا کے وعدے کئے تھے مجھ سے

تمہیں بتاؤ کہ اب میں ان کو سراب لکھوں کہ خواب لکھوں

سحر کے سر ہیں نہ جانے کتنی اندھیری راتوں کے قرض عامرؔ

دھوئیں چراغوں کے دیں اجازت تو روشنی کا حساب لکھوں

وہ تو آباد رکھا ہم نے جہان اردو (نظم)

وہ تو آباد رکھا ہم نے جہان اردو

ورنہ تم کب کا مٹا دیتے نشان اردو

نہ سیاہی کا سمندر نہ فلک سا کاغذ

کیسے لکھے کوئی تعریف زبان اردو

ہم پہ تم فخر کرو ہند کے رہنے والو

ہم سے قائم ہے زمانے میں نشان اردو

یہ ہے تہذیب کی دیوی یہ ادیبوں کی زباں

بے ادب کیسے بھلا جانیں گے شان اردو

تلخ باتوں کو بھی نرمی سے نبھا لیتی ہے

کتنی معصوم طبیعت ہے زبان اردو

مشک و عنبر کی مہک آتی ہے بام و در سے

ایسے لفظوں سے مزین ہے مکان اردو

ایسے اردو کو رگ جاں میں سمو لو عامرؔ

یہ زمانہ تمہیں کہنے لگے جان اردو

مزید غزلیں از جاوید رشید عامر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں