جاوید رحمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس نے اندازۂ وحشت کا تہیہ کر کے (غزل)
اس نے اندازۂ وحشت کا تہیہ کر کے
ہم کو میدان بھی بخشا تو یہ دنیا دی ہے
اس کی پلکوں سے بھی دو آبہ بہا کرتا ہے
میری آنکھوں کے سمندر نے صدا کیا دی ہے
ہم بھی قائل نہ تھے تقدیر کے تم سے پہلے
اب کھلا ہم پہ کہ کتنی ہمیں آزادی ہے
اب ترے نام کی تہمت سے بہت دور ہیں ہم
تو نے کیسی یہ سزا جان تمنا دی ہے
وہ مرے پاؤں میں زنجیر کہاں تک ڈالے
تا بہ زنجیر بھی کیا کم ہمیں آزادی ہے
شاخ سے ٹوٹتے پتے کی صدا ہوں میں بھی (غزل)
شاخ سے ٹوٹتے پتے کی صدا ہوں میں بھی
کوئی سمجھا ہی نہیں کون ہوں کیا ہوں میں بھی
اجنبی شہر بھی دیوانہ بنا دیتا ہے
تیری گلیوں کا پتہ بھول گیا ہوں میں بھی
ہر طرف تیری تمنا نے بکھیرا مجھ کو
کہیں صحرا کہیں گلزار بنا ہوں میں بھی
میری خوابیدہ نگاہی کے اشارے سمجھو
ہاں تمہاری ہی طرح رات جگا ہوں میں بھی
دشت ظلمت میں یہ کہرام اچانک تو نہیں
زد پہ طوفاں کی بہت دیر جلا ہوں میں بھی