پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید ساحل کی غزلیں — Javed Sahil Ghazals

جاوید ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ایک لفظ جو کبھی اس نے کہا نہیں (غزل)

وہ ایک لفظ جو کبھی اس نے کہا نہیں

میں نے تو سن لیا تھا پر اس نے سنا نہیں

اعجاز اس کی چشم کرم کا ہے دوستو

پہلے سا زخم دل کا مرے اب ہرا نہیں

اک ساعت حسیں نے مجھے آشنا کیا

میں تو غم حیات سے تھا آشنا نہیں

منظر وہ میری آنکھ میں باقی ہے خواب سا

کشتی بھنور میں قید ہے اور ناخدا نہیں

تا حد چشم سرد و سیہ پوش ہے فضا

شعلہ کوئی بھی خاک سے میری اٹھا نہیں

خوشبو رگوں میں تیر رہی ہے بہار کی

کوئی بھی نقش دل کی زمیں پر نیا نہیں

اک موج تند و تیز بہا لے گئی مجھے

ساحل پہ دور دور کوئی نقش پا نہیں

اس سے پہلے کہ مزاج اپنا سمندر بدلے (غزل)

اس سے پہلے کہ مزاج اپنا سمندر بدلے

سست رفتار سفینوں نے بھی تیور بدلے

بن گئی تیغ رواں موج ہوائے ہجراں

شام آئی تو تری یاد نے پیکر بدلے

موسم تازہ کی آہٹ ہے مرے کانوں میں

برگ شاخوں نے پرندوں نے نئے پر بدلے

میری مٹی میں ہے جذب اس کے بدن کی خوشبو

نیند کا لطف ہی اڑ جائے جو بستر بدلے

صدف دل میں جو گوہر تھا وہی ہے اب بھی

یوں تو دریاؤں نے ہر روز شناور بدلے

آج بھی عکس وہی ہے جو بہت پہلے تھا

آئنہ خانے میں آئینے تو اکثر بدلے

نئے الفاظ و معانی کی طلب ہے ساحلؔ

غیر ممکن ہے مزاج اپنا سخنور بدلے

مزید غزلیں از جاوید ساحل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں