پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید اکرم فاروقی کی غزلیں — Javed Akram Farooqi Ghazals

جاوید اکرم فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرا دکھ اور آنکھیں بھرنے والا میں (غزل)

تیرا دکھ اور آنکھیں بھرنے والا میں

تیری خاطر سب کچھ کرنے والا میں

خوشبو بن کر جس میں پلنے والا تو

ایک ذرا پروائی، بکھرنے والا میں

ٹیڑھی میڑھی راہ بنانے والا تو

کبھی نہ تھکنے روز گزرنے والا میں

تنہائی میں چھوڑ کے جانے والا تو

تنہائی سے کبھی نہ ڈرنے والا میں

سات سمندر پار بلانے والا تو

سات سمندر پار اترنے والا میں

لمحہ لمحہ روز سنورنے والا تو

لمحہ لمحہ لمحہ روز بکھرنے والا میں

میری شکایت روز کرانے والا تو

تیری شکایت روز مکرنے والا میں

بجھتی ہوئی آنکھوں کی امیدوں کا دیا ہوں (غزل)

بجھتی ہوئی آنکھوں کی امیدوں کا دیا ہوں

میں تیز ہواؤں کی ہتھیلی پہ رکھا ہوں

میں اپنی ہی آواز کی پہچان میں گم ہوں

تنہائی کے صحرا میں درختوں کی صدا ہوں

میں روز نکل پڑتا ہوں ان جانے سفر پر

منزل کے قریب آ کے بھی منزل سے جدا ہوں

ہر صبح نئے کرب کے چہروں سے ملاقات

ہر شام بچھڑنے کا سبب پوچھ رہا ہوں

یہ خون میں ڈوبے ہوئے معصوم فرشتے

خاموش لرزتے ہوئے ہونٹوں کی دعا ہوں

اس درجہ ہوں سہما ہوا سورج کی تپش سے

گرتی ہوئی دیوار کے سائے میں کھڑا ہوں

اے خاک وطن اب تو وفاؤں کا صلا دے

میں ٹوٹتی سانسوں کی فصیلوں پہ کھڑا ہوں

پلکوں پہ سجائے ہوئے سچائی کی شمعیں

ناکردہ گناہوں کی سزا کاٹ رہا ہوں

دستار سلامت نہ ردائیں نہ قبائیں

ہر لمحہ سلگتے ہوئے خوابوں کی چتا ہوں

محفل شعر و سخن دوستو بے فیض ہوئی (نظم)

محفل شعر و سخن دوستو بے فیض ہوئی

گل کرو شمعیں چراغوں کی لویں زخمی کرو

ریت بالوں میں بھرو

چاک گریباں کر لو

رات ڈھلنے لگی

تاروں کے بدن دکھنے لگے

صبح کی آنکھوں سے رسنے لگا

سورج کا لہو

آہٹیں کھو گئیں

دھندلا گئے قدموں کے نشاں

اجنبی خاک میں گم ہو گیا تاروں کا جہاں

آ کے منزل پہ بہکنے لگے رہرو کے قدم

لڑکھڑانے لگے امیدوں کے خوابیدہ صنم

راستے سو گئے محرومیاں آنکھوں میں لئے

ٹمٹمانے لگے ہونٹوں پہ دعاؤں کے دیے

بجھ گیا آج وہی شعر و سخن کا مہتاب

تیسری دنیا میں تھی روشنی جس کے دم سے

جس نے بخشے تھے غریبوں کو

نئے عزم نئے حوصلے جینے کے لئے

جس نے محنت کشوں مزدوروں کے غم کو سمجھا

جس نے کچلے ہوئے انسانوں کے دکھ کو جانا

جس نے انساں کی بقا کے لئے

جیلیں کاٹیں

جس نے آواز اٹھائی تھی تشدد کے خلاف

جس نے اظہار کیا امن کا سچائی کا

جس نے پیغام دیا حسن کا انصاف کا

رعنائی کا

جس کے اشعار میں تھی فکر و عمل کی تلقین

جس کے اشعار میں تھی شدت احساس جمال

جس کے کردار میں آفاقیت

اور لہجے میں

رجائیت تھی

جس کے ہونٹوں پہ محبت کے ترانے گونجے

جس کے اشعار میں مفلس کے فسانے گونجے

حیف صد حیف وہ شاعر و مفکر نہ رہا

آج بیروت کے مظلوموں کا ذاکر نہ رہا

دوستو آؤ چلو سونی ہوئی بزم سخن

عمر بھر ایک یہی غم ہمیں تڑپائے گا

اپنے بے خواب کواڑوں کو مقفل کر لو

اب یہاں کوئی نہیں کوئی آئے آئے گا

مزید غزلیں از جاوید اکرم فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں