جاوید اختر بیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ظلم ہے کہ مرے شہر کا جو قاتل ہے (غزل)
یہ ظلم ہے کہ مرے شہر کا جو قاتل ہے
ہزار جان سے وہ دوستی کے قابل ہے
مجھے ہی وار پہ لاتا ہے ہر زمانے میں
مجھے بتا یہ زمانہ کہاں کا عادل ہے
لہو اور آگ کا دریا ہے میرے رستے میں
کہ میری ذات ہی رستے میں میرے حائل ہے
صداقتوں سے نکھرتا ہے آدمی کا شعور
صداقتوں کو سمجھنا بہت ہی مشکل ہے
میں اپنی ذات میں ہوں بحر مجھ کو کیا پروا
امیر شہر جو دریا دلی پہ مائل ہے
مری زبان سے حق بات ہی نکلتی ہے
یہ اور بات کہ چھاتی پہ جبر کی سل ہے
ہے سر خوشی کی تمنا بہت مرے دل میں
وہ اس لئے کہ یہ دل ایک دکھ بھرا دل ہے
نہ سارباں ہے نہ ناقہ دکھائی دیتا ہے (غزل)
نہ سارباں ہے نہ ناقہ دکھائی دیتا ہے
نہ جانے کس کا یہ خیمہ دکھائی دیتا ہے
بھرے جہاں میں اکیلا دکھائی دیتا ہے
وہ ایک شخص جو سچا دکھائی دیتا ہے
مسافرو کہوں کیا راہبر کے بارے میں
بظاہر آدمی سادہ دکھائی دیتا ہے
کہیں زمین کی تہ میں بھی شکل آب نہیں
کہیں پہاڑ پہ چشمہ دکھائی دیتا ہے
وہ آدمی جو کسی پر ستم نہ دیکھ سکے
مجھے وہ دیکھنے والا دکھائی دیتا ہے
وہ تیرگی ہے کہ کچھ بھی نظر نہیں آتا
بس اک امید کا تارہ دکھائی دیتا ہے
وہ دور دیکھ درختوں کے جھنڈ ہیں بیدیؔ
وہ دور کوئی جزیرہ دکھائی دیتا ہے