پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جاوید اختر آزاد کی غزلیں — Javed Akhtar Azad Ghazals

جاوید اختر آزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمل کی راہ میں دشواریاں بھی ہوتی ہیں (غزل)

عمل کی راہ میں دشواریاں بھی ہوتی ہیں

کبھی یقیں کبھی خوش فہمیاں بھی ہوتی ہیں

بیاض دل پہ کبھی دستخط نہیں کرنا

کہ خاکساری میں رسوائیاں بھی ہوتی ہیں

مذاکروں ہی سے ہوتے ہیں حل مسائل کے

قیام امن میں خونریزیاں بھی ہوتی ہیں

پلٹ کے پھر نہیں دیکھا اداس لمحوں کو

شکستہ راہ میں پرچھائیاں بھی ہوتی ہیں

یوں بعد فتح نہیں رہنا خواب غفلت میں

محاذ جنگ میں پسپائیاں بھی ہوتی ہیں

نفس نفس میں رواں اضطراب کا موسم (غزل)

نفس نفس میں رواں اضطراب کا موسم

کہاں سے لاتا میں تازہ گلاب کا موسم

سفر میں دھوپ سے جلتا رہا بدن اپنا

تھکن سے چور رہا ماہتاب کا موسم

نگاہیں ڈھونڈھتی رہتی ہیں منزلیں اپنی

سکوت شب میں نہاں انقلاب کا موسم

رگوں میں دوڑتے پھرتے ہیں کیف کے نغمے

نماز شوق میں نمناک خواب کا موسم

فراز دار پہ لٹکی ہے زندگی آزادؔ

مری حیات بھی ٹھہری عذاب کا موسم

مزید غزلیں از جاوید اختر آزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں