جمال ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لاکھ دل پریشاں ہو خواہشیں تو ہوتی ہیں (غزل)
لاکھ دل پریشاں ہو خواہشیں تو ہوتی ہیں
شہر بے اماں میں بھی بارشیں تو ہوتی ہیں
بھول کر گلے شکوے آ مرے گلے لگ جا
پیار کرنے والوں میں رنجشیں تو ہوتی ہیں
مجھ کو روک لیتی ہیں چاہتیں زمینوں کی
آسماں کو پانے کی خواہشیں تو ہوتی ہیں
عشق کرنے والوں پر کس کا زور چلتا ہے
درمیاں زمانے کی بندشیں تو ہوتی ہیں
کیوں مری خطاؤں پر تبصرے ہیں ہر جانب
زندگی میں انساں سے لغزشیں تو ہوتی ہیں
منزلوں کی چاہت میں جب نکل پڑے تو پھر
سازشوں سے ڈرنا کیا سازشیں تو ہوتی ہیں
سفر کے واسطے ممتا کے موتی باندھ دیتی ہے (غزل)
سفر کے واسطے ممتا کے موتی باندھ دیتی ہے
مری چادر میں ماں چپکے سے روٹی باندھ دیتی ہے
کرو تا عمر چاہے کوششیں کھل ہی نہیں پاتی
محبت اس طرح پیروں میں رسی باندھ دیتی ہے
رچی جاتی ہیں یوں تو سازشیں پر بھیڑ چوہوں کی
گلے میں کیا کسی بلی کے گھنٹی باندھ دیتی ہے
تو اتراتا ہے اپنی ذات پہ کس واسطے ناداں
قضا جس وقت آتی ہے تو گٹھری باندھ دیتی ہے
برہنہ سر وہ رہ جاتے ہیں جو حق دار ہوتے ہیں
مگر نا اہل کے سر قوم پگڑی باندھ دیتی ہے
کہاں پھر فرق آتا ہے نظر حق اور باطل میں
غلط فہمی اگر آنکھوں پہ پٹی باندھ دیتی ہے