جمال نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گزرتے لمحے بہت کچھ سکھا گئے مجھ کو (غزل)
گزرتے لمحے بہت کچھ سکھا گئے مجھ کو
میں ایک ذرہ تھا سورج بنا گئے مجھ کو
ہزار رنج و مصائب تھے اور میں تنہا
غم و الم کے یہ عفریت کھا گئے مجھ کو
میں اپنے آپ کو بھولا ہوا تھا برسوں سے
یہ آئنے مری صورت دکھا گئے مجھ کو
شرط الفت ہے کہ ہر ناز اٹھایا جائے (غزل)
شرط الفت ہے کہ ہر ناز اٹھایا جائے
لب پہ اک حرف شکایت بھی نہ لایا جائے
آج تک جس نے ہر اک گل کی حفاظت کی ہے
کیوں اسی خار سے دامن کو بچایا جائے
شدت رنج و الم سے نکل آئیں آنسو
کسی مجبور کو اتنا نہ ستایا جائے
فائدہ کیا ہے بھلا عشق کی رسوائی سے
کیوں یہ افسانہ زمانے کو سنایا جائے
کتنا دل کش سماں ہے حسیں وادیاں (نظم)
کتنا دل کش سماں ہے حسیں وادیاں
ایسے موسم میں
کیوں آپ خاموش ہیں
شرم کس بات کی
بولتی کیوں نہیں
ہم اگر دوست بن جائیں کیسا رہے
آپ رہتی کہاں ہیں
پتا دیں مجھے
میں چلوں ساتھ اتنا بتا دیں مجھے
ہے ٹی بی سینی ٹوریم میرا گھر
اب بتائیں بنیں گے مرے ہم سفر
شام ہونے کو ہے
اب اجازت
میں پھر آؤں گا
ان اندھیروں میں ورنہ بھٹک جاؤں گا