جلیل الرحمٰن جلیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ ہو جو بس میں ایسے کام کا آغاز مت کرنا (غزل)
نہ ہو جو بس میں ایسے کام کا آغاز مت کرنا
نہیں ہو قوت پرواز تو پرواز مت کرنا
پرندے کو شکاری نے یہ کہہ کر قید میں ڈالا
چہکنے کی اجازت ہے مگر آواز مت کرنا
تری دولت کے ڈھیروں سے اگر نسلیں بگڑتی ہوں
تو محنت کی کمائی کو بھی پس انداز مت کرنا
وہ دولت ہو کہ شہرت ہو سب آنی جانی چیزیں ہیں
نہ ملنے کا نہ کرنا غم ملیں تو ناز مت کرنا
کچھ ایسا کام بھی دنیا میں کرنا پڑتا ہے (غزل)
کچھ ایسا کام بھی دنیا میں کرنا پڑتا ہے
بکھر نہ جانے کی خاطر بکھرنا پڑتا ہے
وہ سطح آب پہ موتی تلاش کرتا ہے
اسے کہو کہ تہوں میں اترنا پڑتا ہے
مزاج وقت بدلتا ہے جب مزاج اپنا
ضعیف باپ کو بیٹوں سے ڈرنا پڑتا ہے
بدن جواب بھی دے دے تو پیٹ کی خاطر
طوائفوں کو ہر اک شب سنورنا پڑتا ہے
بس ایک جست میں منزل نظر نہیں آتی
کہیں تو چلنا کہیں تو ٹھہرنا پڑتا ہے
یہ شاعری جسے آساں سمجھ رہے ہو تم
لہو نچوڑ کے لفظوں میں بھرنا پڑتا ہے
آنکھ غفلت میں نہ جھپکی کبھی سر سید کی (نظم)
آنکھ غفلت میں نہ جھپکی کبھی سر سید کی
زیست بیدار ہمیشہ رہی سر سید کی
اے فلک پھر ہمیں لوٹا دے وہ مرد آہن
قوم کو پھر ہے ضرورت اسی سر سید کی
آگے جب کوئی نہیں ہم کو بڑھانے والا
کیوں نہ محسوس کریں ہم کمی سر سید کی
آج ہر بزم میں ملتے ہیں علی گڑھ کے سپوت
دل سے کرتے ہوئے پیغمبری سر سید کی
دعوت فکر و عمل آج بھی دیتی ہے جلیلؔ
ہر مسافر کے لیے رہبری سر سید کی