پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جلیل فتح پوری کی غزلیں — Jalil Fatehpuri Ghazals

جلیل فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت میں جفا کیا ہے وفا کیا (غزل)

محبت میں جفا کیا ہے وفا کیا

وہ یہ پوچھیں تو شکوؤں کا مزا کیا

قیامت سے ڈراتی کیوں ہے دنیا

قیامت سے ہے کم ان کی ادا کیا

جہاں توہین عرض و التجا ہو

وہاں پر عرض کیسی التجا کیا

بغاوت اور پھر ان کی رضا سے

محبت میں دعا کیا مدعا کیا

کسی دشت و بیاباں کی اک آواز

ہمارے ساز ہستی کی صدا کیا

مری نظروں سے پوچھو حسن اپنا

بتا سکتا ہے تم سے آئنہ کیا

بجز اشکوں کی بوندیں اور آہیں

جلیلؔ آخر محبت سے ملا کیا

فیض تھا اس کے تصور کا جو چشم تر تک (غزل)

فیض تھا اس کے تصور کا جو چشم تر تک

قافلے رنگ کے کھنچ آئے ہمارے گھر تک

دیکھتے اہل جہاں ذوق وفا کے جوہر

اس کی تلوار ہی پہنچی نہ ہمارے سر تک

تیرے کوچے کی فضا اور ہی کچھ ہے یوں تو

نظریں ہو آئی ہیں دنیا کے ہر اک منظر تک

اے خرد تجھ سے کسی دل کو جگایا نہ گیا

عشق کے ہاتھ میں تو بول اٹھے پتھر تک

ہم تو موسم کے اشاروں سے بہک جاتے ہیں

مے کشی کچھ نہیں محدود خم و ساغر تک

موت آ جائے بس اک سجدۂ پر شوق کے بعد

کاش ہو جائے رسائی کبھی تیرے در تک

کیا ہو انجام ترقی کا خدا جانے جلیلؔ

شورش عقل سے لرزاں ہیں مہ و اختر تک

مزید غزلیں از جلیل فتح پوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں