پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جالب نعمانی کی غزلیں — Jalib Nomani Ghazals

جالب نعمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ آنکھیں زہر ایسا بو گئی ہیں (غزل)

وہ آنکھیں زہر ایسا بو گئی ہیں

زمینیں زرد صحرا ہو گئی ہیں

اندھیرے گر رہے ہیں آسماں سے

فضا کی وسعتیں بھی سو گئی ہیں

ہمیشہ ایک جا پاتا ہوں خود کو

حدیں منزل کی شاید کھو گئی ہیں

چمک کیا ریت کی ذروں میں ہوگی

جو سونا تھا وہ موجیں دھو گئی ہیں

پگھلتے دیکھ کے سورج کی گرمی

ابھی معصوم کرنیں رو گئی ہیں

تمام رنگ ہوا ہو گئے کہانی سے (غزل)

تمام رنگ ہوا ہو گئے کہانی سے

زمین کانپ رہی ہے اترتے پانی سے

وہ اک پرندۂ آتش جو آگ پیتا تھا

اسیر ہو گیا اپنی ہی خوش بیانی سے

شکار چھپ گئے اپنی پناہ گاہوں میں

کمان ٹوٹ گئی اس کی کھینچا تانی سے

جو کھیل کھیل رہے تھے ہواؤں کی شہ پر

وہ کھیل ختم ہوا مرگ ناگہانی سے

خود اپنے آپ سے لرزاں رہی الجھتی رہی

اٹھا نہ بار گراں رات کی جوانی سے

ورق ورق پہ چلا تیشۂ قلم لیکن

نہ کوئی لفظ جدا ہو سکا معانی سے

مزید غزلیں از جالب نعمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں