جلیل حشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سیکھ لیا جینا میں نے (غزل)
سیکھ لیا جینا میں نے
اتنا زہر پیا میں نے
شکوہ نہیں کیا میں نے
آنسو پونچھ لیا میں نے
ان سے مل کر آیا ہوں
خواب نہیں دیکھا میں نے
ہوا کو آتے جب دیکھا
روشن کیا دیا میں نے
پیاسا تھا کرتا بھی کیا
لکھ ڈالا دریا میں نے
پرچم سا لہرایا ہوں
کھائی تیز ہوا میں نے
حسن چمن لکھتا کیسے
پڑھا نہ اک پتا میں نے
دیواروں کی بستی میں
دروازہ لکھا میں نے
پاش پاش ہوا پھر بھی
سر اونچا رکھا میں نے
کسی کو کیا دینا حشمیؔ
قرض ہی کیے ادا میں نے
جو تیری افشاں سنواریں زندگی اے زندگی (غزل)
جو تیری افشاں سنواریں زندگی اے زندگی
روز و شب ایسے گزاریں زندگی اے زندگی
بڑھ گیا دریا کا پانی کف اڑاتا موج موج
اڑ گئیں کونجوں کی ڈاریں زندگی اے زندگی
ہر طرف چھایا ہوا ہے اک سکوت بے کراں
پھر بھی ہم تجھ کو پکاریں زندگی اے زندگی
تیری صورت پر گمان دشت و صحرا ہائے ہائے
تیرے قدموں میں بہاریں زندگی اے زندگی
سر اٹھائیں دار پر یادیں سر مقتل صدا
نقش تیرے ہی ابھاریں زندگی اے زندگی
جن کے ہونٹوں پر سدا رہتے ہیں تیرے زمزمے
ان کے سینوں میں کٹاریں زندگی اے زندگی
شہر ہے آخر یہ کوئی سرد ویرانہ نہیں
جینے والے دم نہ ماریں زندگی اے زندگی
دیں جو تجھ کو فرصت یک دو نفس کی تہمتیں
ان سے بھی ہم لوگ ہاریں زندگی اے زندگی
دور تک ملتا نہ ہو نام و نشاں تیرا جہاں
ہم وہاں دامن پساریں زندگی اے زندگی
اب ہم جان گئے ہیں کہ اندھیرے ہمارا مقدر نہیں تھے (نظم)
اب ہم جان گئے ہیں کہ اندھیرے ہمارا مقدر نہیں تھے
بلکہ تم نے شہر کی تمام اسٹریٹ لائٹس بجھا دی تھیں
ہمارا فرسٹریشن تمہاری مکاری ہے کہ ہم سے محبت اور جنس کی
سچی مسرتیں چھین کر تم نے ہمیں بلیو فلم کا عادی بنا دیا
ہمارے حشیش بھرے سگریٹوں کا دھواں تمہاری مشینوں کے عذاب
اور ملوں کی چمنیوں سے نکلنے والے زہر کا نتیجہ ہے
لیکن اب زہر تمہارا مقدر ہوگا کہ ہم توانائی کے ساتھ زندہ رہنے کا گر جان گئے ہیں
اب ہم کانٹنٹ کے خونخوار بھیڑیوں اور سائیبیریا کے
برفانی ریچھوں سے نہیں ڈرتے جنہوں نے پوری دنیا کو نازی کیمپ بنا دیا تھا
اب ہمیں ان مسخرے طوطوں کی دانشوری نہیں چاہئے جو ہزاروں
سال کی رٹی رٹائی باتیں دہرا کر ہمیں علم کے نام پر بے وقوف بنا رہے تھے
پلیٹو بہت بڑا آدمی تھا پھر بھی اپنے دور کی ریپبلکن ہم خود لکھیں گے
ہم معصوم بچے ہیں مگر ہمارے کھلونے توڑ کر تم نے ہمیں گالیاں دینے پر مجبور کر دیا
کل ہم پکنک مناتے مناتے مگرمچھ کے منہ میں چلے گئے تھے
لیکن آج پانیوں پر آگ لگا کر تیرتے رہنے کا فن سیکھ چکے ہیں
کل ہم تم سے بات کرتے ڈرتے تھے لیکن آج
خدا سے ہاٹ لائن پر گفتگو کر رہے ہیں
اگر تم راکٹوں پر بیٹھ کر بھگوڑوں کی طرح چاند اور مریخ کی طرف
جانا چاہتے ہو تو جاؤ ہمیں ہماری زمین اور آنے والا زمانہ چاہئے
رات فاحشہ عورت تھی جو تمہارے ساتھ سوئی رہی
لیکن اب دن نکل چکا ہے اور اس کا روشن سورج
اندھیروں بلیک آؤٹ اور فاحشہ عورتوں کے لئے موت کی علامت ہے