جلیل حیدر لاشاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیسی بخشش کا یہ سامان ہوا پھرتا ہے (غزل)
کیسی بخشش کا یہ سامان ہوا پھرتا ہے
شہر سارا ہی پریشان ہوا پھرتا ہے
کیسا عاشق ہے ترے نام پہ قرباں ہے مگر
تیری ہر بات سے انجان ہوا پھرتا ہے
ہم کو جکڑا ہے یہاں جبر کی زنجیروں نے
اب تو یہ شہر ہی زندان ہوا پھرتا ہے
شب کو شیطان بھی مانگے ہے پناہیں جس سے
صبح وہ صاحب ایمان ہوا پھرتا ہے
جانے کب کون کسے مار دے کافر کہہ کے
شہر کا شہر مسلمان ہوا پھرتا ہے
ناخدا سخت خفا گرچہ ہمیں پر تھے بہت (غزل)
ناخدا سخت خفا گرچہ ہمیں پر تھے بہت
ہم نے بھی عزم کے پہنے ہوئے زیور تھے بہت
تو نے دستک ہی نہیں دی کسی دروازے پر
ورنہ کھلنے کو تو دیوار میں بھی در تھے بہت
اڑ نہیں پایا اگرچہ یہ فضا بھی تھی کھلی
میرے اندر سے مجھے جکڑے ہوئے ڈر تھے بہت
جیت تیرا ہی مقدر تھی سو تو جیت گیا
ورنہ ہارے ہوئے لشکر میں سکندر تھے بہت
خام تھی پیاس تری ورنہ تو اس دشت میں بھی
ایک ایڑی کے رگڑنے پہ سمندر تھے بہت
چھن گئی آنکھ سے حیرت کہ تری بستی میں
ہر گھڑی رنگ بدلتے ہوئے منظر تھے بہت
وقت کی موج ہمیں پار لگاتی کیسے
ہم نے ہی جسم سے باندھے ہوئے پتھر تھے بہت