جلیل ارشد خاں راشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس درجہ بھاگ دوڑ کے اتنا کمائیں گے (غزل)
اس درجہ بھاگ دوڑ کے اتنا کمائیں گے
ہم زندگی کی شام تلک گھر بنائیں گے
پہلے تو زندگی کی بہت چاہ تھی ہمیں
کس کو خبر تھی راہ میں یہ موڑ آئیں گے
کہتے ہیں کٹ ہی جاتی ہے عمر دراز بھی
سو مطمئن ہیں اپنے بھی دن بیت جائیں گے
محرومیوں کے داغ نا آسودہ خواہشیں
ان سب کے ساتھ ہم تجھے کیا منہ دکھائیں گے
مر کر بھی خواہشوں سے نہ مل پائے گی نجات
ہم خواہش بہشت کے چکر میں آئیں گے
اللہ مہربان بھی عادل بھی ہے جلیلؔ
چلئے اسی سے چل کے ذرا لو لگائیں گے
فکر رنج و الم اور میں (غزل)
فکر رنج و الم اور میں
ہم راہی اک غم اور میں
تیری باتیں کرتے ہیں
رات دوات قلم اور میں
تجھ کو ڈھونڈتے رہتے ہیں
میری چشم نم اور میں
پاس ہے میرے انٹرنیٹ
ہاتھ میں جام جم اور میں
ایک تو تیری کج خلقی
پھر دنیا کے ستم اور میں
کب تک ساتھ جلیں راشدؔ
ہجر کے یہ موسم اور میں
مزید غزلیں از جلیل ارشد خاں راشد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں