جلیل الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مجھے تم سے محبت ہو گئی ہے (غزل)
مجھے تم سے محبت ہو گئی ہے
غم دنیا سے فرصت ہو گئی ہے
ہمارا کام ہے موتی لٹانا
ہمیں رونے کی عادت ہو گئی ہے
جہاں میں قدر و قیمت میرے غم کی
ترے غم کی بدولت ہو گئی ہے
دل شاعر کے نغمات حسیں سے
ترے جلووں کی شہرت ہو گئی ہے
کہاں ہیں مصر کے بازار والے
دلوں کی نصف قیمت ہو گئی ہے
نکلتے ہیں مرے احباب بچ کر
محبت بھی سیاست ہو گئی ہے
جلیلؔ اب دل نہیں ملتا کسی سے
عجیب اپنی طبیعت ہو گئی ہے
اسی باعث تو دنیا کی مصیبت غم نہیں ہوتی (غزل)
اسی باعث تو دنیا کی مصیبت غم نہیں ہوتی
یہ دنیا غم تو دیتی ہے شریک غم نہیں ہوتی
چراغوں میں لہو انسانیت کا جگمگاتا ہے
مگر انسانیت کی چشم کم پر نم نہیں ہوتی
خوشی محسوس کرتا ہوں تو دنیا ساتھ دیتی ہے
مصیبت میں مگر آمادۂ ماتم نہیں ہوتی
خوشی کی شمع تو اے دوست زد میں آ بھی جاتی ہے
مگر داغ جگر کی روشنی مدھم نہیں ہوتی
سلیقہ چاہئے آواز کو پہچان لینے کا
نوائے شاعری ہر دم نوائے غم نہیں ہوتی
جلیلؔ ان سے بچھڑ کر اک زمانہ ہو گیا لیکن
ابھی تک میرے اشکوں کی روانی کم نہیں ہوتی