پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جلیل عالیؔ کی غزلیں — Jaleel Aali Ghazals

جلیل عالیؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل آباد کہاں رہ پائے اس کی یاد بھلا دینے سے (غزل)

دل آباد کہاں رہ پائے اس کی یاد بھلا دینے سے

کمرہ ویراں ہو جاتا ہے اک تصویر ہٹا دینے سے

بے تابی کچھ اور بڑھا دی ایک جھلک دکھلا دینے سے

پیاس بجھے کیسے صحرا کی دو بوندیں برسا دینے سے

ہنستی آنکھیں لہو رلائیں کھلتے گل چہرے مرجھائیں

کیا پائیں بے مہر ہوائیں دل دھاگے الجھا دینے سے

ہم کہ جنہیں تارے بونے تھے ہم کہ جنہیں سورج تھے اگانے

آس لیے بیٹھے ہیں سحر کی جلتے دیئے بجھا دینے سے

عالی شعر ہو یا افسانہ یا چاہت کا تانا بانا

لطف ادھورا رہ جاتا ہے پوری بات بتا دینے سے

راستہ سوچتے رہنے سے کدھر بنتا ہے (غزل)

راستہ سوچتے رہنے سے کدھر بنتا ہے

سر میں سودا ہو تو دیوار میں در بنتا ہے

آگ ہی آگ ہو سینے میں تو کیا پھول جھڑیں

شعلہ ہوتی ہے زباں لفظ شرر بنتا ہے

زندگی سوچ عذابوں میں گزاری ہے میاں

ایک دن میں کہاں انداز نظر بنتا ہے

مدعی تخت کے آتے ہیں چلے جاتے ہیں

شہر کا تاج کوئی خاک بسر بنتا ہے

عشق کی راہ کے معیار الگ ہوتے ہیں

اک جدا زائچۂ نفع و ضرر بنتا ہے

اپنا اظہار اسیر روش عام نہیں

جیسے کہہ دیں وہی معیار ہنر بنتا ہے