پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جلی امروہوی کی غزلیں — Jalee Amrohvi Ghazals

جلی امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دست نازک سے جو پردے کو سنوارا تم نے (غزل)

دست نازک سے جو پردے کو سنوارا تم نے

میں یہ سمجھا کہ نوازش سے پکارا تم نے

کیا حقیقت میں غم عشق سے مانوس ہوئے

یا یوں ہی پوچھ لیا حال ہمارا تم نے

میرے مکتوب محبت مجھے واپس دے کر

کر لی تو ہے یہ محبت بھی گوارا تم نے

نسبتاً آج حجابوں میں اضافہ کیسا

غالباً جان لیا دل کا اشارا تم نے

دور ماضی کے حسیں گیت سنا کر اکثر

اور بھی درد محبت کو نکھارا تم نے

رفتہ رفتہ نہ بھڑک جائے وہ شعلہ بن کر

رکھ دیا ہے جو مرے دل میں شرارہ تم نے

حیف صد حیف کہ دنیائے طرب میں کھو کر

کر لیا درد کے ماروں سے کنارا تم نے

اشک کہتے ہیں کہ پڑھ پڑھ کے جلیؔ کی غزلیں

دل میں محسوس کیا درد کا دھارا تم نے

چھپ گیا سورج یہ کہہ کر شام سے (غزل)

چھپ گیا سورج یہ کہہ کر شام سے

لے سبق دنیا مرے انجام سے

روح کو ہم نے ہزاروں دکھ دئے

نفس کو رکھا بڑے آرام سے

ایک بازیچہ سمجھ کر اہل دل

کھیلتے ہیں گردش ایام سے

سوچئے ہر زاویے سے دہر میں

کیسے گزرے زندگی آرام سے

کر دیا ساقی نے ساغر چور چور

چھین کر اک رند تشنہ کام سے

کون در پر رہ گیا دم توڑ کر

دیکھتے تو تم اتر کر بام سے

ہو گیا برہم نظام میکدہ

ایک آواز شکست جام سے

آخرش فرط مصائب پر جلیؔ

روتے روتے سو گیا آرام سے

مزید غزلیں از جلی امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں