جلیل مانک پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
محبت رنگ دے جاتی ہے جب دل دل سے ملتا ہے (غزل)
محبت رنگ دے جاتی ہے جب دل دل سے ملتا ہے
مگر مشکل تو یہ ہے دل بڑی مشکل سے ملتا ہے
کشش سے کب ہے خالی تشنہ کامی تشنہ کاموں کی
کہ بڑھ کر موجۂ دریا لب ساحل سے ملتا ہے
لٹاتے ہیں وہ دولت حسن کی باور نہیں آتا
ہمیں تو ایک بوسہ بھی بڑی مشکل سے ملتا ہے
گلے مل کر وہ رخصت ہو رہے ہیں ہائے کیا کہنے
یہ حالت ہے کہ بسمل جس طرح بسمل سے ملتا ہے
شہادت کی خوشی ایسی ہے مشتاق شہادت کو
کبھی خنجر سے ملتا ہے کبھی قاتل سے ملتا ہے
وہ مجھ کو دیکھ کر کچھ اپنے دل میں جھینپ جاتے ہیں
کوئی پروانہ جب شمع سر محفل سے ملتا ہے
خدا جانے غبار راہ ہے یا قیس ہے لیلیٰ
کوئی آغوش کھولے پردۂ محمل سے ملتا ہے
جلیلؔ اس کی طلب سے باز رہنا سخت غفلت ہے
غنیمت جانیے اس کو کہ وہ مشکل سے ملتا ہے
آج تک دل کی آرزو ہے وہی (غزل)
آج تک دل کی آرزو ہے وہی
پھول مرجھا گیا ہے بو ہے وہی
سو بہاریں جہاں میں آئی گئیں
مایۂ صد بہار تو ہے وہی
جو ہو پوری وہ آرزو ہی نہیں
جو نہ پوری ہو آرزو ہے وہی
مان لیتا ہوں تیرے وعدے کو
بھول جاتا ہوں میں کہ تو ہے وہی
تجھ سے سو بار مل چکے لیکن
تجھ سے ملنے کی آرزو ہے وہی
صبر آ جائے اس کی کیا امید
میں وہی دل وہی ہے تو ہے وہی
ہو گئی ہے بہار میں کچھ اور
ورنہ ساغر وہی سبو ہے وہی
عمر گزری تلاش میں لیکن
گرمی ہائے جستجو ہے وہی
مے کدہ کا جلیلؔ رنگ نہ پوچھ
رقص جام و خم و سبو ہے وہی