پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جلالؔ لکھنوی کی غزلیں — Jalal Lakhnavi Ghazals

جلالؔ لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ دل نصیب ہوا جس کو داغ بھی نہ ملا (غزل)

وہ دل نصیب ہوا جس کو داغ بھی نہ ملا

ملا وہ غم کدہ جس میں چراغ بھی نہ ملا

گئی تھی کہہ کے میں لاتی ہوں زلف یار کی بو

پھری تو باد صبا کا دماغ بھی نہ ملا

چراغ لے کے ارادہ تھا یار کو ڈھونڈیں

شب فراق تھی کوئی چراغ بھی نہ ملا

خبر کو یار کی بھیجا تھا گم ہوئے ایسے

حواس رفتہ کا اب تک سراغ بھی نہ ملا

جلالؔ باغ جہاں میں وہ عندلیب ہیں ہم

چمن کو پھول ملے ہم کو داغ بھی نہ ملا

مر کے بھی قامت محبوب کی الفت نہ گئی (غزل)

مر کے بھی قامت محبوب کی الفت نہ گئی

ہو چکا حشر بھی لیکن یہ قیامت نہ گئی

شب کو مے خوب سی پی صبح کو توبہ کر لی

رند کے رند رہے ہاتھ سے جنت نہ گئی

بوسہ لے کر جو مکرتا ہوں تو وہ کہتے ہیں

شاعری کا اثر اور جھوٹ کی عادت نہ گئی

داغ مٹتے نہ سنا دل سے تری حسرت کا

آئی جس گھر میں پھر اوس گھر سے یہ دولت نہ گئی

پاس بیٹھے بھی تو کیا جلد اٹھے گھبرا کر

میرا سودا تو گیا آپ کی وحشت نہ گئی

نہ ہوا صاف دل یار کسی طرح جلالؔ

خاک میں مل گئے ہم اس کی کدورت نہ گئی

مزید غزلیں از جلالؔ لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں