پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جیمنی سرشار کی غزلیں — Jaimini Sarshar Ghazals

جیمنی سرشار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے حجاب آپ کے آنے کی ضرورت کیا تھی (غزل)

بے حجاب آپ کے آنے کی ضرورت کیا تھی

یوں مرے ہوش اڑانے کی ضرورت کیا تھی

ہم سے کہنا تھا ڈبو دیتے سفینہ اپنا

اتنے طوفان اٹھانے کی ضرورت کیا تھی

جب سے آیا ہوں یہاں مہر بہ لب بیٹھا ہوں

مجھ کو محفل میں بلانے کی ضرورت کیا تھی

اپنے کردار و عمل پر جو بھروسہ ہوتا

آپ کے ناز اٹھانے کی ضرورت کیا تھی

یوں بھی ہو سکتے تھے آباد ترے ویرانے

ہم کو دیوانہ بنانے کی ضرورت کیا تھی

اشک خوں بعد میں سرشارؔ بہانے تھے اگر

خون عشاق بہانے کی ضرورت کیا تھی

آنے میں تیرے دوست بہت دیر ہو گئی (غزل)

آنے میں تیرے دوست بہت دیر ہو گئی

بزم حیات اب زبر و زیر ہو گئی

پردے کچھ ایسے رو بہ رو آنکھوں کے آ گئے

دنیا مری نگاہ میں اندھیر ہو گئی

دنیا کے جبر و جور سے کیوں کر اماں ملے

میں چپ رہا تو اور بھی وہ شیر ہو گئی

کیا پوچھتے ہیں اب دل محزوں کا حال آپ

اس کو مرے ہوئے تو بہت دیر ہو گئی

ہر چند زندگی نے سنبھالے لئے بہت

پھر بھی اجل کے ہاتھ سے وہ زیر ہو گئی

سرشارؔ ذکر رونق باغ جہاں نہ کر

اکتا گیا دل اس سے نظر سیر ہو گئی

مزید غزلیں از جیمنی سرشار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں