جے راج سنگھ جھالا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان سے مل کر بھی بھلا کیا کیجئے (غزل)
ان سے مل کر بھی بھلا کیا کیجئے
پاس بیٹھے اور شکوہ کیجئے
جائیے ان سے کہیں دور اور پھر
دور رہنے کا اشارہ کیجئے
وہ منانے گر قریب آ جائے تو
بے رخی میں اور اضافہ کیجئے
زندگی سے کیا پریشاں ہو گئے
خلوتوں میں جا کے چیخا کیجیے
کب تلک برتاؤ میں تلخی رہے
عادتوں کا اب مداوا کیجیے
خلوتوں سے نباہ کر آیا (غزل)
خلوتوں سے نباہ کر آیا
زندگی کو تباہ کر آیا
روشنی کے تھے سب مرید سو میں
تیرگی سے نکاح کر آیا
بے سبب سر دھرا گیا الزام
اس لیے میں گناہ کر آیا
اس کو دیکھا بھی تو نہیں میں نے
کوہ کا فخر کاہ کر آیا
ذکر کر یاروں میں محبت کا
جنگ کی افتتاح کر آیا
دیکھ کر مجھ کو طنز کس رہے تھے
ہنس کے میں واہ واہ کر آیا
سرد راتوں کا حسیں اک خواب ہے چہرہ ترا (نظم)
سرد راتوں کا حسیں اک خواب ہے چہرہ ترا
کیا کہوں بس منظر نایاب ہے چہرہ ترا
نکہت گیسو کو تیری نکہت سنبل لکھوں
تیرے نرم و نازک ان ہونٹوں کو برگ گل لکھوں
آرزو پر یہ عرق لگتا ہے شبنم کی طرح
اور سنی اس میں لٹیں لگتی ہے ریشم کی طرح
جیسے کوئی گلشن شاداب ہے چہرہ ترا
نور سے کچھ اس طرح ہے چشم تیری تر بہ تر
چاندنی کا عکس جوں اترا ہو سطح آب پر
پتلیاں دونوں تری آنکھوں میں دو نیلم لگے
اور تری آنکھوں کا پانی مجھ کو جام جم لگے
وقت صبح یہ عالم سیماب ہے چہرہ ترا
قول ہر نکلا زباں سے جو تری شہداب ہے
اور لبوں کا تل کتاب عشق کا اک باب ہے
ہے مصور کی ترے انگ انگ میں گل کاریاں
معجزہ لگتی ہے تیرے حسن کی رنگینیاں
گوہر نایاب ہے زرتاب ہے چہرہ ترا