جے پرکاش غافل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں تیرے پاس ہوں مجھ سے یہ کہہ رہا کوئی ہے (غزل)
میں تیرے پاس ہوں مجھ سے یہ کہہ رہا کوئی ہے
تمام شب مری آنکھوں میں جاگتا کوئی ہے
دیا امید کا بجھتا ہے جلتی آنکھوں میں
کسی کے لب پہ مرے واسطے دعا کوئی ہے
پرانی باتوں کی یادیں بھکاریوں کی طرح
سوال کرتی ہیں ایوان دل پہ کیا کوئی ہے
گماں گزرتا ہے ہوتے ہوئے نہ ہونے کا
تری نگاہ میں جادو مگر نیا کوئی ہے
یہ خواب کا ہے سفر میں ہوں خواب رو کی طرح
نہ ابتدا ہی تھی کچھ اور نہ انتہا کوئی ہے
نہ وہ فضا نہ وہ چشمے نہ وادیاں نہ وہ لوگ
مگر یہ وہم مری راہ دیکھتا کوئی ہے
شکستہ دل تو اسے چھوڑ کر نہ جا غافلؔ
کہ تیرے ساز میں مضمر ابھی صدا کوئی ہے
ہے نوک خار میں کچھ وہ تو سبزہ زار میں کچھ (غزل)
ہے نوک خار میں کچھ وہ تو سبزہ زار میں کچھ
خزاں میں کچھ ہے مگر موسم بہار میں کچھ
گہر تھا ماہ تھا جگنو تھا یا ستارۂ شام
چمک رہا تھا تری چشم اشکبار میں کچھ
کہاں کے وہم و گماں کا ہے سلسلہ مری زیست
کہ اس کے پار ہی کچھ ہے نہ اس حصار میں کچھ
تمام عمر وہی مثل خار چبھتے رہے
گزر گئے تھے جو پل سایۂ بہار میں کچھ
پھر اس کے بعد ہے خود پر یقیں نہ دنیا پر
تھی ایسی بات ہی اک پل کے اعتبار میں کچھ
میں اس کی یاد سے دامن چھڑا لوں مجھ کو خیال
تب آیا جب نہ رہا میرے اختیار میں کچھ
نہ چاہتا وہ تو روشن نہ ہوتی کوئی بھی شے
ہے نور اس کا بھی کیا شام انتظار میں کچھ