پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جہانزیب ساحر کی غزلیں — Jahanzeb Sahir Ghazals

جہانزیب ساحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نیند سے مجھ کو جگاتا ہے چلا جاتا ہے (غزل)

نیند سے مجھ کو جگاتا ہے چلا جاتا ہے

وہ مرے خواب میں آتا ہے چلا جاتا ہے

اور میں ٹیک ہٹاتا نہیں دروازے سے

عشق آواز لگاتا ہے چلا جاتا ہے

چھیڑ وہ راگ لہو آنکھ سے نکلے دل کا

تو بھی کیا گیت سناتا ہے چلا جاتا ہے

میرا کردار کہانی میں فقط اتنا ہے

کوئی روتا ہوا آتا ہے چلا جاتا ہے

روز اول کا تھکا ہارا مسافر اک دن

بوجھ کاندھوں سے گراتا ہے چلا جاتا ہے

ایک طبقہ تو کئی نسل سے اس دنیا سے

خواب آنکھوں میں سجاتا ہے چلا جاتا ہے

تجھ کو معلوم نہیں تیری طلب کا لمحہ

کتنی صدیوں کو مٹاتا ہے چلا جاتا ہے

جس طرح سے یہ زمیں گھوم رہی ہے ساحر

بات ایسے وہ گھماتا ہے چلا جاتا ہے

فقیر موجی خراب حالوں کا کیا بنے گا (غزل)

فقیر موجی خراب حالوں کا کیا بنے گا

یہ عشق کرتی اداس نسلوں کا کیا بنے گا

ہمارے پرکھوں نے ہم سے بہتر گزار لی ہے

میں سوچتا ہوں ہمارے بچوں کا کیا بنے گا

ہمارے جسموں کا خاک ہونا تو ٹھیک ہے پر

تمہاری آنکھوں تمہارے ہونٹوں کا کیا بنے گا

ہمیں تو رونے میں کوئی دقت نہیں ہے لیکن

وہ پوچھنا تھا کہ رونے والوں کا کیا بنے گا

مذاق اڑاتے ہیں لوگ فرضی کہانیوں کا

کہ سیدھے سادے سے ان بزرگوں کا کیا بنے گا

تلاش کرتی ہیں اس بدن کی بشارتوں کو

حقیر سوچوں حریص بانہوں کا کیا بنے گا

وہ حسن ایسے ہی خرچ ہوتا رہا تو ساحر

ہماری نظموں ہماری غزلوں کا کیا بنے گا

مزید غزلیں از جہانزیب ساحر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں