پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جہانگیر نایاب کی غزلیں — Jahangeer Nayab Ghazals

جہانگیر نایاب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اچھا ہوں یا برا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا (غزل)

اچھا ہوں یا برا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

نظروں میں تیرے کیا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

کیا تجھ میں ڈھونڈھتا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

میں تیرا ہو گیا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

آگاہ ہوں میں منزل مقصود سے مگر

کس سمت جا رہا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

آواز دے رہا ہے مجھے کون بار بار

کس کے لیے رکا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

اتنا مجھے پتا ہے تمہیں ہوں عزیز میں

لیکن تمہارا کیا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے جو کون ہے

کس غم میں گھل رہا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

میں خوب جانتا ہوں یہ منزل نہیں مری

آ کر کہاں رکا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

رہتا ہوں کس خیال میں نایابؔ ان دنوں

کیا کیا میں سوچتا ہوں مجھے کچھ نہیں پتا

میں جب بھی کوئی منظر دیکھتا ہوں (غزل)

میں جب بھی کوئی منظر دیکھتا ہوں

ذرا اوروں سے ہٹ کر دیکھتا ہوں

کبھی میں دیکھتا ہوں اس کی رحمت

کبھی میں اپنی چادر دیکھتا ہوں

نظر کا زاویہ بدلا ہے جب سے

میں کوزے میں سمندر دیکھتا ہوں

کبھی میرے لیے تھے پھول جن میں

اب ان ہاتھوں میں پتھر دیکھتا ہوں

سبھی ہیں مبتلائے خود فریبی

عجب دنیا کا منظر دیکھتا ہوں

نہیں بدلاؤ کے آثار کچھ بھی

ابھی حالات ابتر دیکھتا ہوں

مقدر میں لکھی ویرانیوں میں

ذرا سا رنگ بھر کر دیکھتا ہوں

نظر آتا ہے مدفن خواہشوں کا

کبھی جب اپنے اندر دیکھتا ہوں

سنا ہے آگ ہے اس کا سراپا

چلو باہوں میں بھر کر دیکھتا ہوں

بصیرت مجھ میں ہے نایابؔ ایسی

میں ہر قطرے میں گوہر دیکھتا ہوں

مزید غزلیں از جہانگیر نایاب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں