پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جہانگیر خاں جوہر کی غزلیں — Jahangeer Khan Jauhar Ghazals

جہانگیر خاں جوہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جاہ و حشمت نہیں جلال نہیں (غزل)

جاہ و حشمت نہیں جلال نہیں

پھر بھی چھیڑے کوئی مجال نہیں

عزت نفس سب کو پیاری ہے

فرد یا قوم کا سوال نہیں

ہاں وہ بے حد حسیں سہی لیکن

بزم عالم میں بے مثال نہیں

کیسے شکوے گلے کہ مدت سے

ہجر ہی ہجر ہے وصال نہیں

میری ہستی وجود رکھتی ہے

میں کسی ذہن کا خیال نہیں

اپنے ماضی پہ صرف ناز کرے

اتنا گزرا ہوا بھی حال نہیں

اپنے فن کے دکھائیے جوہرؔ

شعر کہنا کوئی کمال نہیں

ممکن ہے کہاں برسوں تلک شاد رہیں ہم (غزل)

ممکن ہے کہاں برسوں تلک شاد رہیں ہم

دنیا تو چاہتی ہے کہ برباد رہیں ہم

ہم مہر بلب ظلم و ستم پر رہیں کب تک

کب تک ہدف ناوک بیداد رہیں ہم

تاریخ بدلنی ہے تو پھر کیسا تردد

یہ بات الگ چند ہی افراد رہیں ہم

کچھ ایسا کوئی کام کریں روئے زمیں پر

لوگوں کو ہمیشہ کے لئے یاد رہیں ہم

ملنا تو بہت دور ہے لیکن تا قیامت

امکاں ہے کہ اس ملک میں آباد رہیں ہم

مستقبل انساں کا تقاضا ہے یہ جوہرؔ

کہ ایک نئی نسل کی بنیاد رہیں ہم

مزید غزلیں از جہانگیر خاں جوہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں