جے پی سعید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ یاد نہیں اس کو کہ کیا بھول گیا ہے (غزل)
کچھ یاد نہیں اس کو کہ کیا بھول گیا ہے
دل جیسے کہ جینے کی ادا بھول گیا ہے
موسم کے بدلتے ہی مزاج اس کا بھی بدلا
وہ میری وفاؤں کا صلہ بھول گیا ہے
میں یاد ہوں جس شخص کو سینے سے لگائے
وہ شخص تو اب نام مرا بھول گیا ہے
کانوں پہ ہے بس ایک صدا کا تری پہرہ
ہر ایک صدا اس کے سوا بھول گیا ہے
بیمار کو اس سمت نہیں فکر مداوا
اس سمت معالج بھی دوا بھول گیا ہے
معلوم کریں پوچھ کے کچھ اس سے سوالات
کیا یاد ہے اس شخص کو کیا بھول گیا ہے
قرطاس نے ہر ایک عمل کر لیا محفوظ
مجرم ہی مگر اپنی خطا بھول گیا ہے
پاداش میں اعمال کی نظروں سے گرا کر
لگتا ہے کہ اب ہم کو خدا بھول گیا ہے
الزام نہ دو تم نئے شاعر کو سعیدؔ آج
جو سرخیٔ لب رنگ حنا بھول گیا ہے
یہ کسی نے تم سے غلط کہا مجھے کارواں کی تلاش ہے (غزل)
یہ کسی نے تم سے غلط کہا مجھے کارواں کی تلاش ہے
جہاں میں ہوں تم ہو کوئی نہ ہو مجھے اس جہاں کی تلاش ہے
لیے ذوق سجدہ میں در بدر پھرا میں نے پایا نہیں مگر
جہاں اپنے آپ جھکے جبیں اسی آستاں کی تلاش ہے
نہ ہے وصل کی کوئی آرزو نہ تو ہجر کی کوئی گفتگو
جو شکار ہو غم عشق کا اسی رازداں کی تلاش ہے
اسے دو خبر کہ وہ آشیاں جو ہے سوز قلب سے ضو فشاں
یہ سنا ہے میں نے کہ برق کو مرے آشیاں کی تلاش ہے
مرے شوق دید کی آرزو نہیں چند پھولوں کی جستجو
مرے رنگ و بو کے مذاق کو کسی گلستاں کی تلاش ہے
مرے دل میں غم کا جو خار ہے مرا دل اسی پہ نثار ہے
جسے میرے درد کا درد ہو اسی مہرباں کی تلاش ہے
کسی دل میں کوئی مکین ہے کسی در پہ کوئی جبین ہے
جہاں ہو نہ کوئی مرے سوا مجھے اس مکاں کی تلاش ہے