پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

جانی لکھنوی کی غزلیں — Jaani Lakhnavi Ghazals

جانی لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیری رحمت کے سہارے ترے پالے ہوئے لوگ (غزل)

تیری رحمت کے سہارے ترے پالے ہوئے لوگ

شہر بے مہر میں سازش کے حوالے ہوئے لوگ

تجھ کو اس بات کا اندازہ نہیں ہو سکتا

کیسے جیتے ہیں ترے دل سے نکالے ہوئے لوگ

سب نے مانگا تھا جسے اس کو نہیں مانگا تھا

اور مانگا تھا جسے اس کے ازالے ہوئے لوگ

اسی دریا پہ اداسی کا بدن چومتے ہیں

آخر شب ترے دروازے سے ٹالے ہوئے لوگ

آسمانوں میں اڑا کرتے تھے اتراتے تھے

ایک اک کرکے زمینوں کے نوالے ہوئے لوگ

دکھ بناتے ہیں بنا کر مرے پاس آتے ہیں

اپنے پرکھوں کی روایات سنبھالے ہوئے لوگ

رات دن درد کی دہلیز پہ آتے جاتے

جیتے جی موت کی چوکھٹ کے حوالے ہوئے لوگ

کھیلوں گا پھر کبھی کوئی داؤ وصال پر (غزل)

کھیلوں گا پھر کبھی کوئی داؤ وصال پر

فی الحال منحصر ہوں میں اپنے ملال پر

صورت نہیں عروج کی سب کچھ طلسم ہے

دنیا کی نیو رکھی گئی ہے زوال پر

دیکھا ہے جب سے اس نے نتیجہ اڑان کا

خود ہی کتر دئے ہیں پرندے نے بال پر

ٹھوکر پہ رکھ نہ دے ترے سکوں کو بادشاہ

درویش آ رہا ہے اب اپنے کمال پر

اک ٹک نہ دیکھیے کہ اسے ٹوٹنا بھی ہے

رہ رہ کے ڈالا کیجے نگاہیں سفال پر

وحشت کی کشتیوں پہ ہیں جانیؔ سوار اور

آمادہ ہو رہی ہیں یہ لہریں اچھال پر

مزید غزلیں از جانی لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں