اظہار وارثی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خیال و خواب کے سب رنگ بھر کے دیکھتے ہیں (غزل)
خیال و خواب کے سب رنگ بھر کے دیکھتے ہیں
ہم اس کی یاد کو تصویر کر کے دیکھتے ہیں
جہاں جہاں ہیں زمیں پر قدم نشاں اس کے
ہر اس جگہ کو ستارے اتر کے دیکھتے ہیں
ہوا ہے تیز سنبھالے گا ان میں کتنوں کو
شجر کا حوصلہ پتے شجر کے دیکھتے ہیں
اسے بھی شوق ہے کچھ دھجیاں اڑانے کا
کچھ اپنی وسعتیں ہم بھی بکھر کے دیکھتے ہیں
ادھر کے سکھ نے تو ہجرت پہ کر دیا مجبور
ادھر ہے کیا چلو دریا اتر کے دیکھتے ہیں
گئے تھے چھوڑ کے ہم جس جگہ مکاں اپنا
نشاں بس اب وہاں دیوار و در کے دیکھتے ہیں
نہ یوں مٹا سکے شاید ہمیں جو وہ دل دار
ہے سنگ دل تو سر سنگ ابھر کے دیکھتے ہیں
بستی بستی مقتل بابا (غزل)
بستی بستی مقتل بابا
شہر سے اچھا جنگل بابا
چاند میں بیٹھی بڑھیا پوچھے
کیوں ہوئی دنیا پاگل بابا
درویشی میں خاک برابر
سونا ہو یا پیتل بابا
جس کا من دھنوان ہے اس کے
تن کا ٹاٹ بھی مخمل بابا
یار ملے تو سب دن اچھے
کیا جمعہ کیا منگل بابا
جانے کہاں اور کس پر برسے
وقت ہے اڑتا بادل بابا
اپدیشوں میں بیت نہ جائے
جیون ہے کرم استھل بابا
جو کرنا ہے آج ہی کر لے
جانے کون رہے کل بابا