اظہار راشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چلتا رہتا ہے رات بھر خاموش (غزل)
چلتا رہتا ہے رات بھر خاموش
روشنی بانٹتا قمر خاموش
لوگ آنکھوں سے بات کرتے ہیں
اور لگتی ہے ہر نظر خاموش
کیسے ٹوٹے گا یہ سکوت آخر
مدتوں سے ہیں بام و در خاموش
زندگی کے دیار سے ہٹ کر
اور کرنا ہے اک سفر خاموش
جینے دے گی نہ تم کو یہ دنیا
ظلم سہتے رہیں اگر خاموش
سختیاں موسموں کی سہہ کر بھی
بانٹتا ہے ثمر شجر خاموش
بے وجہ بولنے سے کیا حاصل
ہو گیا وہ یہ بول کر خاموش
بے ہنر کر رہے تھے ہنگامہ
اور راشدؔ تھے با ہنر خاموش
تعمیر ہوئی خاک کی دنیا مرے آگے (غزل)
تعمیر ہوئی خاک کی دنیا مرے آگے
اک نور تھا اک ذات تھی تنہا مرے آگے
پھر موج تصور نے بنایا کوئی دریا
اور ڈوب گیا نقش تمنا مرے آگے
جب دیکھ لیا نقش قدیم شب ہجراں
پھر چاک ہوا دل کا صحیفہ مرے آگے
میں خود ہی تماشا ہوں تماشائی بھی خود ہوں
پھر کون دکھائے گا تماشا مرے آگے
اک نور نے چھو لی مری خاموش نگاہیں
اور کھل گیا باطن کا دریچہ مرے آگے
راشدؔ یہ تجلی بھی عجب کھیل دکھائے
پردہ بھی وہی اور وہی چہرہ مرے آگے