اظہار اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک ہی شے تھی بہ انداز دگر مانگی تھی (غزل)
ایک ہی شے تھی بہ انداز دگر مانگی تھی
میں نے بینائی نہیں تجھ سے نظر مانگی تھی
تو نے جھلسا دیا جلتا ہوا سورج دے کر
ہم نے جینے کے لیے ایک سحر مانگی تھی
ہم سفر کس کو کہیں شمس و قمر نے ہم سے
منہ پہ ملنے کے لیے گرد سفر مانگی تھی
کون آزر ہے جسے اپنا زیاں ہے مقصود
کس نے پتھر کے لیے روح بشر مانگی تھی
ایک لمحہ کوئی جی لے تو بڑی بات ہے یہ
اس لیے ہم نے اثرؔ عمر شرر مانگی تھی
نکھرے تو جگمگا اٹھے بکھرے تو رنگ ہے (غزل)
نکھرے تو جگمگا اٹھے بکھرے تو رنگ ہے
سورج ترے بدن کا بڑا شوخ و شنگ ہے
تاریکیوں کے پار چمکتی ہے کوئی شے
شاید مرے جنون سفر کی امنگ ہے
کتنے غموں کا بار اٹھائے ہوئے ہے دل
اک زاویہ سے شیشۂ نازک بھی سنگ ہے
صحرا کی گود میں بھی ملیں گے بہت سے پھول
یہ اپنے اپنے طور پہ جینے کا ڈھنگ ہے
شاید جنوں ہی اب تو کرے رہبری اثرؔ
ہم اس مقام پر ہیں جہاں عقل دنگ ہے
چہرے پہ دید بان تھے ہونٹوں پہ کچھ سراب (نظم)
چہرے پہ دید بان تھے ہونٹوں پہ کچھ سراب
سانسوں میں احتجاج تھا نبضوں میں انقلاب
دل جیسے سونی شام کا سورج بجھا بجھا
اور جسم جیسے تیر کماں پر چڑھا ہوا
اعصاب کے تناؤ سے بجتا تھا انگ انگ
ہر رنگ آرزو میں ملا تھا لہو کا رنگ
سوچوں پہ بادبان تنے تھے غبار کے
پنچم کے سر پہ تار چڑھے تھے ستار کے
اک رات میں ہزارہا منظر بدل گئے
لمحات پھیل پھیل کے صدیوں میں ڈھل گئے
ہیرے پہ برگ گل کی نزاکت کا وار تھا
کس شخص کا نہ جانے مجھے انتظار تھا