پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشتیاق طالب کی غزلیں — Ishtiyaq Talib Ghazals

اشتیاق طالب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ستائش جن کا پیشہ ہو گیا ہے (غزل)

ستائش جن کا پیشہ ہو گیا ہے

انہیں شہرت کا چسکا ہو گیا ہے

مجھے کیا تیرا سودا ہو گیا ہے

جنوں کا میرے چرچا ہو گیا ہے

نظر آتی نہیں سڑکوں پہ لاشیں

امیر شہر اندھا ہو گیا ہے

تری یادوں سے میرا دل تھا روشن

ترے ملنے سے تنہا ہو گیا ہے

ترے آنچل کے اڑنے سے فضا میں

گلوں کا رنگ چوکھا ہو گیا ہے

تمہارا نام کیا آیا لبوں پر

کہ اک طوفان برپا ہو گیا ہے

بہت ہم کو تھا طالب ناز جس پر

وہی اب دل کسی کا ہو گیا ہے

چاند ہیں نہ تارے ہیں آسماں کے آنگن میں (غزل)

چاند ہیں نہ تارے ہیں آسماں کے آنگن میں

رقص کرتے ہیں شعلے اب تو شب کے دامن میں

وحشتیں ہیں رقصندہ ہر گلی ہر آنگن میں

تیرے عہد زریں میں اشک خوں ہیں دامن میں

کون دھوکا دیتا ہے کون ٹوٹا کرتا ہے

اب تمیز مشکل ہے راہ بر میں رہزن میں

ایسے اب کے یاد آئی اس مہ دو ہفتہ کی

چاندنی اتر آئی جیسے گھر کے آنگن میں

مکڑیوں کے جالوں میں جیسے کیڑے ہوں بے بس

الجھے ہیں کچھ ایسے ہی اہل فکر الجھن میں

یوں نشاں ہیں راہوں میں کارواں کے قدموں کے

کھل رہے ہوں ہر جانب پھول جس طرح بن میں

پھول کھلتے تھے طالبؔ خوشبو رقص کرتی تھی

آج شعلے رقصاں ہیں شاخ شام گلشن میں

مزید غزلیں از اشتیاق طالب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں