پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اشتیاق دانش کی غزلیں — Ishtiyaq Danish Ghazals

اشتیاق دانش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

داغ فرقت وصال کی باتیں (غزل)

داغ فرقت وصال کی باتیں

چھوڑ خواب و خیال کی باتیں

زندگی کیا ہے اک قیامت ہے

درد آہیں ملال کی باتیں

کشف والوں کو ہم بتاتے ہیں

معجزات جمال کی باتیں

فکر ہم کو کمال فن کی ہے

وہ سنائیں زوال کی باتیں

میرے افسانوں میں تو بکھری ہیں

گردش ماہ و سال کی باتیں

ذکر ماضی عذاب جیسا ہے

اس سے بد تر یہ حال کی باتیں

چاند جلتا ہے جب بھی ہوتی ہیں

تیرے حسن و کمال کی باتیں

آؤ دانشؔ سے آج سنتے ہیں

الفت لا زوال کی باتیں

سجتی ہے اہل دل کی یہ محفل کبھی کبھی (غزل)

سجتی ہے اہل دل کی یہ محفل کبھی کبھی

ملتی ہے زندگی میں یہ منزل کبھی کبھی

منظر ذرا یہ دل کے تڑپنے کا دیکھ لے

ملتا ہے یہ نظارۂ بسمل کبھی کبھی

لیکن وہ حسن کو بھی ملی کب رہ وفا

مانا بھٹک گیا ہے مرا دل کبھی کبھی

جانے یہ راز کیا ہے کہ آسان راہ کو

خود راہبر بناتا ہے مشکل کبھی کبھی

مزید غزلیں از اشتیاق دانش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں