پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسلام پرویز کی غزلیں — Islam Parvez Ghazals

اسلام پرویز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شاخ سے پتے گرے اور پیڑ ننگا ہو گیا (غزل)

شاخ سے پتے گرے اور پیڑ ننگا ہو گیا

دیکھتے ہی دیکھتے لوگو میں بوڑھا ہو گیا

ڈوبتی نبضوں نے آخر کچھ نہیں کہنے دیا

میرے ہونٹوں کی صدا پر سخت پہرا ہو گیا

میری ہستی کے عناصر مل چکے تھے خواب میں

کیا کشش تھی جسم و جاں میں پھر میں یکجا ہو گیا

کتنی تھی مشہور کل تک آنچ اس کے حسن کی

آج کیوں اس شعلہ رو کا جسم ٹھنڈا ہو گیا

سنگ باری ہو رہی تھی آئنہ خانے پہ جب

ٹوٹ کر میرا بھی چہرہ ریزہ ریزہ ہو گیا

اپنی حالت پر ہی شرمندہ ہوں میں (غزل)

اپنی حالت پر ہی شرمندہ ہوں میں

یہ نہ پوچھو کس طرح زندہ ہوں میں

ہر جگہ تنہا نظر آتا ہوں جب

کون سی بستی کا باشندہ ہوں میں

تم خلاؤں میں ہی اب ڈھونڈا کرو

چاند سورج کا نمائندہ ہوں میں

مجھ کو سولی پر چڑھا سکتے نہیں

میں صدا ہوں اور سدا زندہ ہوں میں

ڈوب کر نکلوں گا سورج کی طرح

یاد رکھو نسل آئندہ ہوں میں

میں ہوں ضو دیتا ہوا اک آفتاب

سوز سے خود اپنے تابندہ ہوں میں

دشمنوں سے کہتی ہے اردو زباں

کیا مٹاؤ گے کہ پائندہ ہوں میں

سبز پتے (نظم)

سبز پتے

خشک ہو کر

گر پڑے

اور میں

تکتا رہا اس پیڑ کو

اب میں کیسے رہ سکوں گا چھاؤں میں

اب نہ چہکیں گے پرندے شاخ پر

اب نہ وہ نغمے سنائیں گے یہاں

دھوپ ہی میں

اب تپیں گے جسم و جاں

مزید غزلیں از اسلام پرویز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں