عشرت قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان اندھیروں سے پرے اس شب غم سے آگے (غزل)
ان اندھیروں سے پرے اس شب غم سے آگے
اک نئی صبح بھی ہے شام الم سے آگے
دشت میں کس سے کریں آبلہ پائی کا گلا
رہنما کوئی نہیں نقش قدم سے آگے
ساز میں کھوئے رہے سوز نہ سمجھا کوئی
درد کی ٹیس تھی پازیب کی چھم سے آگے
اے خوشا عزم جواں ذوق سفر جوش طلب
حادثے بڑھ نہ سکے اپنے قدم سے آگے
یاد ہے لذت آزار محبت اب تک
دل کو ملتا تھا سکوں مشق ستم سے آگے
سرخ رو ہے جہاں تاریخ دو عالم عشرتؔ
خون ٹپکا ہے وہیں نوک قلم سے آگے
کھیلا بچپن جھوما لڑکپن لہکی جوانی چوباروں میں (غزل)
کھیلا بچپن جھوما لڑکپن لہکی جوانی چوباروں میں
لاٹھی تھامے دیکھا بڑھاپا نگری کے گلیاروں میں
نرت پہ جھومیں بھاؤ پہ لہکیں مدرا پی کر بہکیں لوگ
کون سنے جو چیخیں دبی ہیں پائل کی جھنکاروں میں
بھولے بسرے سپنے کھوجیں بیاکل نیناں بے کل ہردے
چندر کرن سی مسکاتی تھی دہکے ہوئے انگاروں میں
نیل گگن پر جس کا سنگھاسن وہ ہے جگ کا پالنہار
پاگل خود کو داتا سمجھے سپنوں کے سنساروں میں
وہ چندر کرن وہ روپ متی وہ میری کویتا میری غزل
میلے میں کچھ ایسے بچھڑی ڈوب گئی اندھیاروں میں
چھلکی چھلکی آنکھیں چھپائے ہونٹوں پر مسکان سجائے
تم جیسا دکھیارا نہ دیکھا عشرتؔ جی دکھیاروں میں