پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عشرت معین سیما کی غزلیں — Ishrat Moin Seemaa Ghazals

عشرت معین سیما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں نے خود پنجرے کی کھڑکی کھولی ہے (غزل)

میں نے خود پنجرے کی کھڑکی کھولی ہے

چڑیا اپنے آپ کہاں کچھ بولی ہے

سورج نے جنگل میں ڈیرے ڈالے ہیں

پت جھڑ نے بھی کھیلی آنکھ مچولی ہے

یوں باہیں پھیلائے ملتی ہے آ کر

بارش جیسے مٹی کی ہمجولی ہے

ہائے تشخص کی ماری اس دنیا میں

سب کی اپنی ریتی اپنی بولی ہے

دیپ جلائے رستہ تکتی رہتی ہوں

وہ آئے تو عید دوالی ہولی ہے

اس کا لہجہ رات کی رانی کے جیسا

اف اس نے یہ کیسی خوشبو گھولی ہے

کیسی گرانی ہے عزت کی روٹی میں

اس سے سستی اک بندوق کی گولی ہے

پوچھ رہی ہے اپنی ماں سے اک بیٹی

بیاہ کے معنی زیور لہنگا چولی ہے

کب سے لے کر آس کرم کی یا اللہ

تیرے در پہ اپنی پھیلی جھولی ہے

خود غرضی کے دور میں سیماؔ رشتوں سے

امیدیں رکھتی ہے کتنی بھولی ہے

ہاتھ تھامے چل پڑا ہے قافلہ امید کا (غزل)

ہاتھ تھامے چل پڑا ہے قافلہ امید کا

ہر گلی کوچے میں برپا جشن جیسے عید کا

سن کے آہٹ دوڑتا ہے جسم میں ایسے لہو

دیکھ کر آیا ہو بالک چاند جیسے عید کا

سانس تھامے منتظر ہوں کم سخن کے لب ہلیں

ختم ہو یہ سلسلہ خاموش اک تمہید کا

موت سے وعدہ نبھانا سیکھ لے تو زندگی

عمر بھر رکھا ہے تو نے منتظر اک دید کا

یوں تعلق ہے ہماری دھڑکنوں کا آپ سے

دل کے صحراؤں میں بادل ہو کوئی امید کا

پیش جاں سیماؔ کا نذرانہ ہو گر اس کو قبول

منتظر ہے دل ہمارا آپ کی تائید کا

لال ہرے نیلے پیلے ڈبے (نظم)

لال ہرے نیلے پیلے ڈبے

کچرے کے رنگیلے ڈبے

لال میں رکھو گھر کا کوڑا

ٹوٹے برتن ٹوٹا گھوڑا

پھل سبزی کے بیج اور چھلکے

ہرے میں رکھو پیار سے دل سے

نیلے میں رکھنا ردی پیپر

گتے ڈبے لکڑی کی موٹر

پلاسٹک اور یہ دودھ کے ڈبے

جوس کے ہوں یا ٹین کے ڈبے

پیلے رنگ میں ان کو رکھو

ری سائکلنگ کا جادو دیکھو

دنیا بھر کا کوڑا کرکٹ

صاف کریں ہم جلدی فٹ فٹ

آؤ کچرا کم پھیلائیں

دنیا کو رنگین بنائیں

مزید غزلیں از عشرت معین سیما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں