عشرت کرتپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لے کر کوئی پیغام کبوتر نہیں آتے (غزل)
لے کر کوئی پیغام کبوتر نہیں آتے
اب غم بھی ترا روپ بدل کر نہیں آتے
کچھ بوریاں ایسی ہیں جو بیروں سے لدی ہیں
پر ان پہ کسی اور سے پتھر نہیں آتے
ہر صبح تو کھلتے نہیں نرگس کے حسیں پھول
ہر روز تو گلشن میں پیمبر نہیں آتے
ہر شخص لئے پھرتا ہے ہاتھوں میں سروں کو
ہاتھوں میں نظر اب کہیں خنجر نہیں آتے
بیمار کہیں ہو نہ پڑوسی چلو دیکھیں
اب رات میں اس سمت سے پتھر نہیں آتے
قد اپنا بڑھا لیتے ہیں بیساکھی لگا کر
جو لوگ مرے سر کے برابر نہیں آتے
اٹھ جاتے ہیں بے ساختہ پاؤں تری جانب
ہم در پہ ترے سوچ سمجھ کر نہیں آتے
دروازہ بھلا دیتا ہیں اک دن انہیں عشرتؔ
جو لوگ کہ راتوں میں بھی گھر پر نہیں آتے
ملو تو ایسے اندھیروں کو بھی پتہ نہ لگے (غزل)
ملو تو ایسے اندھیروں کو بھی پتہ نہ لگے
چلو تو ایسے کے جسموں میں فاصلہ نہ لگے
میں آج گاؤں میں چھوڑے تو جا رہا ہوں تمہیں
دعا کرو کہ مجھے شہر کی ہوا نہ لگے
خدا وہ وقت نہ لائے ہمارے بچوں پر
کہ جس گھڑی انہیں ماؤں کی بھی دعا نہ لگے
میں اس کا ذکر کسی اور سے نہیں کرتا
کہیں یہ میرا رویہ اسے برا نہ لگے
یہ طے کیا ہے کہ ایسا فسانہ لکھوں گا
وہ بے وفا کسی جملے سے بے وفا نہ لگے
بٹھا گیا تھا کوئی ایسے پیڑ کے نیچے
کہ جس کا ایک بھی پتہ مجھے ہرا نہ لگے
عطا کیے ہیں یوں ہی اس نے رت جگے عشرتؔ
یہ زندگی مجھے خوابوں کا سلسلہ نہ لگے