عشرت جالندھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹھکرا کے سب کو تیری تمنا کرے کوئی (غزل)
ٹھکرا کے سب کو تیری تمنا کرے کوئی
تو بھی نہ مل سکے تو بتا کیا کرے کوئی
اتنا محال بھی تو نہیں ہے علاج غم
اک بار موت کی بھی تمنا کرے کوئی
شاید نکال دوں میں تری یاد ذہن سے
پہلے ترا جواب تو پیدا کرے کوئی
نسبت نہیں کسی کو کسی سے کسی طرح
پھر بھی کسی کو غیر نہ سمجھا کرے کوئی
مدت سے لٹ رہا ہوں اسی انتظار میں
شاید مرے خلوص کا چرچا کرے کوئی
عشرتؔ مرے خلوص کا انجام دیکھ کر
اب کس سے دوستی کی تمنا کرے کوئی
چاک دامن نہ ہوئے چاک گریبان ہوئے (غزل)
چاک دامن نہ ہوئے چاک گریبان ہوئے
ہم ترے بعد بہر حال پریشان ہوئے
بارہا کی ہے طلب داد وفا ہم نے بھی
دوستو ہم بھی کئی بار پشیمان ہوئے
جسے دیکھو وہ فقیروں کو جھڑک دیتا ہے
اہل دنیا نہ ہوئے آپ کے دربان ہوئے
ہم نشیں قحط مروت کی تباہی مت پوچھ
شہر کے شہر مرے سامنے ویران ہوئے
موت لکھی ہی نہیں تھی تو کہاں سے مرتا
مفت عشرتؔ مرے احباب پریشان ہوئے