عشرت رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بچھڑ کے ہم سے ملنا چاہتی ہے (غزل)
بچھڑ کے ہم سے ملنا چاہتی ہے
محبت اور کیا کیا چاہتی ہے
کسی صحرائے وحشت میں اتر کر
محبت خود سمٹنا چاہتی ہے
جسے سورج نے جھلسایا ہے برسوں
وہی کونپل پنپنا چاہتی ہے
کوئی موج بلا ہے اور تنہا
سمندر کو نگلنا چاہتی ہے
جھلستے سورجوں کی بھٹیوں میں
ہر اک ساعت پگھلنا چاہتی ہے
کوئی زخمی پرندہ مر رہا ہے
بصارت منہ چھپانا چاہتی ہے
سمندر شب اترنے کو ہے عشرتؔ
یہ بستی ڈوب جانا چاہتی ہے
بارش ہوئی تو شہر کے تالاب بھر گئے (غزل)
بارش ہوئی تو شہر کے تالاب بھر گئے
کچھ لوگ ڈوبتے ہوئے دھل کر نکھر گئے
سورج چمک اٹھا تو نگاہیں بھٹک گئیں
آئی جو صبح نو تو بصارت سے ڈر گئے
دریا بپھر گئے تو سمندر سے جا ملے
ڈوبے جو ان کے ساتھ کنارے کدھر گئے
دلہن کی سرخ مانگ سے افشاں جو گر گئی
لمحوں کی شوخ جھیل میں تارے بکھر گئے
پھر دشت انتظار میں کھلنے لگے کنول
پلکوں سے جھانکتے ہوئے لمحے سنور گئے
بجھتے ہوئے چراغ ہتھیلی پہ جل گئے
جھونکے تمہاری یاد کے دل میں اتر گئے
سوچا تمہیں تو درد کی صدیاں پگھل گئیں
دیکھا تمہیں تو وقت کے دریا ٹھہر گئے
تم تو بھری بہار میں کھلتے رہے مگر
ہم زخم کائنات تھے کانٹوں سے بھر گئے
عشرتؔ شب نشاط کے جگنو لئے ہوئے
ہم جشن زر نگاہ میں پریوں کے گھر گئے