عشرت حافظ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زباں میٹھی ہے لب ہنستے ہیں صورت بھولی بھولی ہے (غزل)
زباں میٹھی ہے لب ہنستے ہیں صورت بھولی بھولی ہے
سراب حسن ہے یہ ناؤ یاں ہم نے ڈبو لی ہے
ستم گر کہہ دیا ہم نے تو کیوں تم اس قدر بگڑے
چلو جانے بھی دو یہ عاشقوں کی بولی ٹھولی ہے
الٰہی خیر ہو کیوں پوچھتے ہیں وہ پتہ میرا
قیامت راہ دکھلانے کو ان کے ساتھ ہو لی ہے
دیار عشق میں پیہم سفر آئین قدرت ہے
اجل ہے زندگی اس میں خموشی اس کی بولی ہے
پس از مدت تقاضائے محبت ہے غزل لکھی
غزل کیا ہے چمن والو یہ تو گلچیں کی جھولی ہے
کسی بے کس کے کاسے میں جو تو مقدور ہو جائے (غزل)
کسی بے کس کے کاسے میں جو تو مقدور ہو جائے
گدا ہو کر وہ رشک قیصر و مغفور ہو جائے
محبت چاہئے دل میں محبت ہے تو سب کچھ ہے
یہ ہے تو دل کی تاریکی سراپا نور ہو جائے
محبت کھیل ہے الٹا اسے چاہو یہ کھنچتی ہے
کوئی آئے قریب اس کے تو یہ خود دور ہو جائے
زمانے کے حوادث سے دل عاشق تو پتھر ہے
محبت میں جو یہ ٹوٹے تو چکنا چور ہو جائے
جو میں مسرور ہوتا ہوں تجھے مغموم پاتا ہوں
جو میں مغموم ہو جاؤں تو تو مسرور ہو جائے