پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عشرت جہاں طرب کی غزلیں — Ishrat Jahan Tarab Ghazals

عشرت جہاں طرب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سحر کو رات کے تاروں کی بات کرتی ہوں (غزل)

سحر کو رات کے تاروں کی بات کرتی ہوں

نہیں ہیں ایسے نظاروں کی بات کرتی ہوں

مزاج خاک اڑانے پہ بھی نہیں بدلا

خزاں کا دور بہاروں کی بات کرتی ہوں

اگر نہ بار گراں ہو تو بیٹھ کر سنیے

کہ میں نصیب کے ماروں کی بات کرتی ہوں

جگر کے زخم ستانے لگے جو شام فراق

تو آج ان کے اشاروں کی بات کرتی ہوں

یہ کیا بلا ہیں تمہیں کیا خبر ہے کیا جانو

میں آج دل کے شراروں کی بات کرتی ہوں

چمن کا ذکر کجا داستان گل کیسی

زمیں پہ رہ کے ستاروں کی بات کرتی ہوں

مآل کار ہوں بھولی ہوئی طربؔ اب بھی

بھنور میں پھنس کے کناروں کی بات کرتی ہوں

بیٹھے بٹھائے ہوش ہوئے گم (غزل)

بیٹھے بٹھائے ہوش ہوئے گم

دیکھ کے ان ہونٹوں پہ تبسم

خندہ گل کی باتیں سن کر

آ ہی گیا کلیوں کو تبسم

حسن تغافل اللہ اللہ

جیسے ہم کو بھول گئے تم

خوب ہے تیرا دیوانہ بھی

آنکھ میں آنسو لب پہ تبسم

دونوں ہیں اشعار طربؔ میں

لطف تغزل کیف ترنم

مزید غزلیں از عشرت جہاں طرب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں