پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عشرت دھولپور کی غزلیں — Ishrat Dholpur Ghazals

عشرت دھولپور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غیروں کے ظلم اپنوں کے غم دیکھتے نہیں (غزل)

غیروں کے ظلم اپنوں کے غم دیکھتے نہیں

راہی وفا کی راہ کے خم دیکھتے نہیں

خود بڑھ کے چومتی ہیں قدم ان کے منزلیں

مڑ کر جو اپنے نقش قدم دیکھتے نہیں

واقف نہیں جو فطرت پیر مغاں سے رند

ساغر میں ہے شراب کہ سم دیکھتے نہیں

سالار کارواں پہ جو کرتے ہیں اعتراض

بہکے ہوئے خود اپنے قدم دیکھتے نہیں

جن کی نظر ہے صبح کے روئے جمیل پر

زلف دراز شام الم دیکھتے نہیں

احساس جرم چہرے کی رنگت بدل نہ دے

آئینہ وقت پرسش غم دیکھتے نہیں

عشرتؔ بشر کی شکل میں خونخوار بھیڑیے

صدیوں سے لے رہے ہیں جنم دیکھتے نہیں

مزید غزلیں از عشرت دھولپور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں