عشرت بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تشریف شب کو لانا کیوں عار جانتے ہیں (غزل)
تشریف شب کو لانا کیوں عار جانتے ہیں
شاید کہ آپ ہم کو بد کار جانتے ہیں
زلفوں کے پیچ میں ہم گو جانتے نہیں کچھ
پر سر پٹک کے اپنا من مار جانتے ہیں
وحشت میں جو جو ہم نے پتھروں سے سر کو مارا
صحرا میں جا کے پوچھو کہسار جانتے ہیں
افسوس جن کی خاطر یوں خلق میں سبک ہیں
خاطر کا اپنی ہم کو وہ یار جانتے ہیں
یہ بھی نصیب و قسمت گل کھائے جن کے غم میں
محفل کا اپنی ہم کو وہ خار جانتے ہیں
مطلق نہیں ہے پروا سیر چمن کی عشرتؔ
ہم داغ دل کو اپنے گلزار جانتے ہیں
شب وصال میں دل پر قلق ابھی سے ہے (غزل)
شب وصال میں دل پر قلق ابھی سے ہے
سحر ہے دور مرا رنگ فق ابھی سے ہے
ہنوز دفن ہوا ہی نہیں ترا بسمل
کہ زلزلے میں زمیں کا طبق ابھی سے ہے
میں لکھ چکا ہی نہیں حال دل کہ اس کی طرف
ہوائے شوق میں اڑتا ورق ابھی سے ہے
چلا نہیں وہ ارادہ ہی سیر ماہ کا ہے
پہ نازکی سے جبیں پر عرق ابھی سے ہے
کسی نے شام کے آنے کو کیا کہا عشرتؔ
کہ منہ پہ آپ کے پھولی شفق ابھی سے ہے