پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشاد احمد نیازی کی غزلیں — Irshad Ahmad Niazi Ghazals

ارشاد احمد نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نیند تو میں کما کے لاتا ہوں (غزل)

نیند تو میں کما کے لاتا ہوں

خواب لیکن چرا کے لاتا ہوں

تم شجر کو ذرا دلاسا دو

میں پرندے بلا کے لاتا ہوں

عکس کے آگ میں اترنے تک

آئنے میں سجا کے لاتا ہوں

لے تو آتا ہوں دشت آنکھوں میں

پانیوں کو دکھا کے لاتا ہوں

پھل کی قسمت ہے پک کے گر جانا

اور میں ٹہنی ہلا کے لاتا ہوں

مجھ کو مجھ بن کہیں نہیں ہے قرار

شہر سارا گھما کے لاتا ہوں

راستہ جگنوؤں کا عادی ہے

میں دیے کو بجھا کے لاتا ہوں

آپ کیوں تیرگی سے لڑتے ہیں

روشنی کو منا کے لاتا ہوں

آگ لاتا ہوں مانگ کے لیکن

اپنا قصہ سنا کے لاتا ہوں

سفید رات کو دن کی دھڑک سمجھتے ہیں (غزل)

سفید رات کو دن کی دھڑک سمجھتے ہیں

چراغ جیسے ہوا کی لپک سمجھتے ہیں

دکھا رہے ہیں وہی جو پسند ہے مجھ کو

کہ آئنے مرے دل کی کسک سمجھتے ہیں

یہ برتنوں سے چھلکتی ہوئی اداسی ہے

جسے ہم ایک بدن کی کھنک سمجھتے ہیں

لبوں کے زہر کو چکھنے کی کیا ضرورت ہے

فقیر آنکھ میں پھیلی چمک سمجھتے ہیں

تمہارے بعد سمجھنے لگے ہیں سب ارشادؔ

خوشی کے ذائقے غم کی مہک سمجھتے ہیں

مزید غزلیں از ارشاد احمد نیازی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں