پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشاد انجم کی غزلیں — Irshad Anjum Ghazals

ارشاد انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آ گئے مجھ میں بھی کچھ رنگ زمانے والے (غزل)

آ گئے مجھ میں بھی کچھ رنگ زمانے والے

اب مری آنکھ میں آنسو نہیں آنے والے

تم مرا نام جو اک بار زباں پر لے آؤ

خود مرے دام بڑھا دیں گے گھٹانے والے

اب کے کوئی بھی تری سمت نہیں آئے گا

سب کو ہر روز نئی سمت بتانے والے

یہ جو شہرت نے مرا نام و نسب پوچھ لیا

اب مجھے سر پہ بٹھائیں گے گرانے والے

اس لئے شعر کہوں لوگ تجھے پہچانیں

درد دے کر مرا ماحول بنانے والے

سب کہاں جان سکیں گے مرا دل جانتا ہے

ان کے نخرے بھی تو ہیں ناز اٹھانے والے

جب کوئی چیز سنبھالی نہیں جاتی تجھ سے

تیرے ہاتھوں میں کبھی ہم نہیں آنے والے

میرے اندر کا شور کم کر دے (غزل)

میرے اندر کا شور کم کر دے

آیتیں پڑھ کے مجھ پہ دم کر دے

لوگ مجھ کو خریدنے سے رہے

آ کسی روز دام کم کر دے

میرے ماتھے پہ اپنے ہونٹوں سے

اک نئی زندگی رقم کر دے

میں اسے خرچ کر سکوں کھل کر

جب بھی غم دے مجھے تو جم کر دے

ایک تیرا خیال ہی تو ہے

جو مری روح تازہ دم کر دے

مزید غزلیں از ارشاد انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں