عرفان وحید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سر آئینہ حیرانی بہت ہے (غزل)
سر آئینہ حیرانی بہت ہے
ستم گر کو پشیمانی بہت ہے
خرد کی گرچہ ارزانی بہت ہے
جنوں کی جلوہ سامانی بہت ہے
سبھی وحشی یہیں پر آ رہے ہیں
مرے گھر میں بیابانی بہت ہے
یہاں ہر چند سب خوش پیرہن ہیں
مگر دیکھو تو عریانی بہت ہے
نہ جانے کب مری مٹھی میں آئے
وہ اک لمحہ کہ ارزانی بہت ہے
عجب الجھن کہ چپ رہنا بھی مشکل
جو کہہ دوں تو پشیمانی بہت ہے
میں سمت دشت جانا چاہتا تھا
مگر اس میں تن آسانی بہت ہے
بھلا کر بیٹھتا ہوں ہر کسی کا
ابھی مجھ میں یہ نادانی بہت ہے
خدایا جوڑ کیا ہے عشق و دل کا
تری بخشش پہ حیرانی بہت ہے
زمیں کو راس کب آئے گا عرفاںؔ
وہ حرف حق کہ نقصانی بہت ہے
ہر چند کہ انصاف کا خواہاں بھی وہی ہے (غزل)
ہر چند کہ انصاف کا خواہاں بھی وہی ہے
قاتل بھی وہی اور نگہباں بھی وہی ہے
بربادیٔ گلشن کا جو سامان بنا تھا
بربادیٔ گلشن پہ پشیماں بھی وہی ہے
ہے نسبت نومیدیٔ تاریکیٔ شب جو
اک مژدۂ امید فروزاں بھی وہی ہے
پانی میں تلاطم بھی اسی چاند کے باعث
اور اپنی ادا دیکھ کے حیراں بھی وہی ہے
تطہیر سیاست کا بھی دعویٰ ہے اسی کو
تنقید حکومت سے گریزاں بھی وہی ہے
مشکل ہے مفر وحشت تنہائی سے عرفانؔ
جو قریہ ہے آباد بیاباں بھی وہی ہے